صوبہ میں غیر تحلیل ہونے والی پلاسٹک مصنوعات پر پابندی عائد کر دی گئی

جمعہ 23 جون 2017 20:02

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ میں غیر تحلیل ہونے والی پلاسٹک مصنوعات پر عائد پابندی کو موثر بنانے کیلئے رولز تشکیل دے دیئے ہیں جن کے نفاذ کے ساتھ ہی صوبہ بھر میں غیر تحلیل شدہ پلاسٹک اشیاء کی درآمد، فروخت اور رکھنے پر سخت پابندی عائد ہو گی۔ صرف تحلیل ہونے والے پلاسٹک بائیو ڈیگریٹ ایبل کی اجازت ہو گی، قانون کی پاسداری نہ کرنے والوں کو سزا دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس امر کا اعلان محکمہ ماحولیات نے ایک سرکاری اعلان میں کیا جس کے مطابق غیر تحلیل ہونے والی پلاسٹک اشیاء سے ماحولیات پر بہت برا اثر پڑ رہا ہے چنانچہ پابندی کے اعلان کے بعد اس حوالہ سے رولز تشکیل دے دیئے گئے ہیں جو فی الفور صوبہ بھر میں غیر تحلیل شدہ مواد سے تیار ہونے والی پلاسٹک مصنوعات پر پابندی ہو گئی ہے۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ اب نہ تو یہ مصنوعات تیار ہو سکیں گی اور نہ ہی ان کی تقسیم خرید و فروخت اور درآمد کی اجازت ہو گی، اس حوالہ سے ماضی میں جاری شدہ تمام اجازت نامے بھی منسوخ تصور ہوں گے۔