عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمائوں کی کوئٹہ میں خودکش بم دھماکے کی شدید مذمت، درجنوں بے گناہ افراد کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار

جمعہ 23 جون 2017 19:49

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمائوں کی کوئٹہ میں خودکش بم دھماکے کی شدید ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان اور سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کوئٹہ میں خودکش بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز واقعہ قرار دیا ہے اور سانحے میں درجنوں بے گناہ افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی ہے، بروز جمعہ اپنے مذمتی بیان میں اے این پی کے سربراہ نے کہا کہ ماہ صیام اور عید الفطر کے قبل مسلمانوں کی خون سے ہولی کھیلنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا ، انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کوئٹہ اور خیبر پختونخوا مسلسل دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں ،جبکہ دہشتگردوں اور سہولت گاروں کی نرسریاں پنجاب میں ہیں ، انہوں نے کہا کہ اے پی ایس سانحے کے بعد جو20نکاتی متفقہ دستاویز سانے آئی اس پر تمام سیاسی جماعتوں اور عسکری قیادت نے اتفاق کیا تاہم وہ دستاویز مصلحت پسندی کا شکار ہوئی، انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمدیقینی بنایا جائے اور پنجاب میں موجود کالعدم تنظیموں کی پناہ گاہوں و سہولت کاروں کے خلاف ٹارگٹڈ کاروائی کی جائے لیکن ہماری بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا جس کے باعث دہشت گرد منظم ہو رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنی خارجہ و داخلہ پالیسیوں ازسر نونظر ثانی کر نا ہو گی اور ان پالیسیوں کو قومی مفاد کو مد نظر رکھ کر بنانا ہوگا، انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے ، مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں ،انہوں نے شہید ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :