عیدالفطر پر ضلع کے تمام پارکوں میں جھولے چلانے پر مکمل پابندی عائد

جمعہ 23 جون 2017 19:38

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء)ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ نے عید الفطر کے موقع پر انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے ضلع کے تمام پارکوں میں جھولے چلانے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ عید الفطر کے تینوں روز تمام پارکوں میں ہر قسم کے جھولے اور سلائیڈز بند رہیں گی۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ نے ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی رضوان قدیر کے ہمراہ جناح پارک ، شاہ شمس پارک اور چناب پارک کا دورہ کیا اور جھولوں کی انسپکشن کی۔

ڈائریکٹر ہارٹیکلچرچوہدری نصیر ، اسسٹنٹ کمشنر صدر مدثر فارقلیط، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر فاروق ڈوگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں سے تفریح کے مواقع چھیننا نہیں چاہتی تاہم انسانی جانوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے تمام پارکوں کے ٹھیکیداروں اور سرکاری نمائندوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ عید الفطر پر خطر ناک اور پرانے جھولوں کو مکمل بند رکھا جائے تاکہ خدانخواستہ کوئی حادثہ کررونما نہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

نادر چٹھہ نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر پی ایچ اے ، ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں تمام پارکوں میں موجود رہیں گی اور حکمنامے کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے بعد ضلعی انتظامیہ پی ایچ اے سے مل کر جھولوں کی مستقل بنیادوں پر درستگی کیلئے لائحہ عمل تیار کرے گی تاکہ جھولوں کی عالمی معیار کے مطابق استعداد یقینی بنا کر عوام کو تفریح کے مواقع فراہم کئے جائیں ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام پارکوں اور حساس مقامات کی سیکورٹی ریڈ الرٹ کرنے کا بھی حکم دیا۔