سینئر فنکاروں کی مالی امداد کا پیکج،23فنکاروں میں مالی چیک تقسیم

جمعہ 23 جون 2017 19:38

ڈی جی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء)وزیر اعلیٰ پنجا ب محمد شہباز شریف کاصوبہ بھر کے سینئرفنکاروں کے لیے مالی امداد کا پیکج کے سلسلے میں ڈیرہ غازی خاں ڈویژن کے فنکاروں میں چیک تقسیم کردئیے گئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے آرٹسٹس سوشل سپورٹ سسٹم کے تحت صوبہ بھر کے سینئر فنکاروں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کیے گئے۔

ڈیرہ غازی خاں ڈویژن کے 23سینئر فنکاروںمیں بیس بیس ہزار روپے مالیت کے چیک ریذیڈنٹ ڈائریکٹر ڈی جی خاں آرٹس کونسل محمد اسداللہ شہزاد نے تقسیم کیے۔ اس موقع پر ریذیڈنٹ ڈائریکٹر ڈی جی خاں آرٹس کونسل محمد اسداللہ شہزادنے بتایا کہ یہ امدادی چیک وزیر اعلیٰ پنجا ب کی طرف سے سینئر فنکاروں کو آرٹسٹ خدمت کارڈ کی مد میں دئیے گئے ہیںاور آرٹسٹ خدمت کارڈ کا اجراء انشاء اللہ جولائی میں کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد فنکاروںکو باقاعدگی سے مالی امداد ان کی دہلیز پر فراہم ہوگی اور ان لوگوں کوجنہوں نے تمام عمر اپنی خدمات ملک وقوم کے لئے دیں، کسی اور کادستِ نگر نہیں ہونا پڑے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فنکاروں کی رجسٹریشن کے لیے عمر کی بالائی حد 50سال رکھی گئی تھی جبکہ اپنے پیشہ میں 25سالہ تجربہ ہونا بھی لازم تھا ۔ صوبہ بھر سے درخواست فارم محکمہ اطلاعات و ثقافت، لاہور میں وصول کئے گئے تھے، بعد ازاں شارٹ لسٹنگ اور تصدیق کے بعد حتمی 23 سینئر فنکاروں کے چیک موصول ہوئے جو کہ ان تمام فنکاروں میں تقسیم کردیئے گئے ہیں۔

ڈیرہ غازی خاں ڈویژن کے جن فنکاروں کو مالی امداد کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ان میں غلام شبیر، عابد علیم لودھی، غلام فرید، ریاض حسین ساقی، نور محمد نظامی،محمدنواز بھٹہ، رب نواز فریدی، اقبال شاہد، شیرعلی، اختر حسین، عاشق حسین، رانا محمد علی جان، محمدرمضان، غلام مصطفی، اللہ بخش، گدا حسین، محمد رفیق کوثر ، فداحسین، عبدالرحمن، غلام نبی، غلام علی، امیر بخش اور عبدالروف شامل ہیں۔ اس موقع پر مالی امداد وصول کرنے والے فنکاروں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان کی مدد کر کے احسن اقدام کیا ہے۔