روس نے داعش سربراہ ابو بکر البغدادی کی ہلاکت کا 100فیصد امکان ظاہر کردیا

جمعہ 23 جون 2017 19:11

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء) روس نے داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کی ہلاکت کا 100فیصد امکان ظاہر کردیا۔روسی خبر رساں ایجنسی "انٹرفیکس" نے روسی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا میں دفاع اور امن کی کمیٹی کے سربراہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس بات کا امکان100فیصد کے قریب ہے کہ داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی موت واقع ہو چکی ہے۔

ایجنسی کے مطابق وکٹر اوزیروف کا مزید کہنا ہے کہ داعش نے اب تک اپنے سربراہ کی کسی بھی مقام پر تصویر جاری نہیں کی ہے جس سے ہمارے اس یقین کو تقویت ملتی ہے کہ البغدادی ہلاک ہو چکا ہے۔اس سے قبل روسی وزارت خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ اسے حد درجہ یقین ہے کہ داعش تنظیم کا سرغنہ دہشت گرد ابوبکر البغدادی مارا جا چکا ہے۔روسی وزیر خارجہ کے نائب اولیگ سیرومالتوف کے مطابق وزارت دفاع کے ایک بیان سے معلوم ہوتا ہے کہ الرقہ شہر کے جنوبی حصے میں داعش تنظیم کے ایک اجلاس پر روسی جنگی طیاروں کی بم باری کے نتیجے میں ممکنہ طور پر البغدادی بھی ہلاک ہو گیا۔

(جاری ہے)

تاہم سیرومالتوف ابھی اس کی تصدیق کروا رہے ہیں اور اس معلومات کے صحیح ہونے کو جانچ رہے ہیں۔نائب وزیر خارجہ کے نزدیک اگر یہ معلومات صحیح ثابت ہو گئیں تو یہ روسی فضائیہ کی ایک بڑی کامیابی ہو گی۔ادھر جمعے کے روز روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخاروفا کا کہنا تھا کہ روسی وزارت خارجہ کے پاس البغدادی کی ہلاکت کے حوالے سے کوئی نئی معلومات نہیں ہے۔واضح رہے کہ ماسکو کی جانب سے کچھ روز قبل کہا جا چکا ہے کہ اس کی افواج نے ممکنہ طور پر ابوبکر البغدادی کو ہلاک کر دیا ہے تاہم واشنگٹن نے اس وقت کہا کہ وہ اس خبر کی تصدیق نہیں کر سکتا اور مغربی اور عراقی ذمے داران اس امر کو مشکوک خیال کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :