کراچی کے مختلف شاپنگ مالز میں رینجرز کی اسنیپ چیکنگ

پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 21ملزمان کو گرفتارکرلیا،لیاری میں فائرنگ سے نوجوان زخمی

جمعہ 23 جون 2017 18:58

کراچی کے مختلف شاپنگ مالز میں رینجرز کی اسنیپ چیکنگ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء) کراچی کے علاقے کلفٹن میں رینجرز نے اسنیپ چیکنگ کی جبکہ پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 21ملزمان کو گرفتارکرلیاہے۔ کراچی ہی کے علاقے لیاری میں فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا اورلیاقت آباد سے خاتون کی پھندا لگی لاش ملی ہے۔رینجرز ترجمان کے مطابق رینجرزاہلکاروں نے کلفٹن اور دوتلوارپر معمول کے مطابق اسنیپ چیکنگ کی ، اسنیپ چیکنگ کے دوران گاڑیوں کی تلاشی لی اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے کلفٹن میں واقع شاپنگ مالز کی دکانوں کی بھی تلاشی لی گئی جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ نے بھی دکانوں کی سوئپنگ کرکے کلئیرنس دی۔

دوسری جانب ملیر الفلاح میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کریمنل ارشد کوگرفتارکرکے اسلحہ اورموبائل فونزبرآمد کرلیے۔

(جاری ہے)

کھارارد میں پولیس گشت کے دوران 3ملزمان اسماعیل ،سلیم اور شکیل کو گرفتارکرکے اسلحہ،منشیات اورموٹرسائیکل برآمد کی گئی ۔پولیس کیمطابق گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔گبول ٹاون سے بھی پولیس نے مفرور ملزم سمیت2ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا،جبکہ لیاری شاہ بیگ لین میں فائرنگ سے 24سالہ شہزاد زخمی ہوگیا،اور لیاقت آباد سپرمارکیٹ میں گھر سے 28سالہ سدرہ کی پھندا لگی لاش ملی ہے۔

پولیس کیمطابق ابتدائی طورپر واقعہ خودکشی لگتا ہیتاہم موت کی وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئے گی۔ادھر بہادر آباد پولیس نے شیر پاو بستی میں چھاپامارکر 15جواری گرفتارکرلیے۔پولیس کے مطابقگرفتار ملزمان سینقدی اور جوئے کا سامان برآمد ہوا ہے۔