کراچی،سینٹرل جیل سے دو ملزموں کا فرار ، سی ٹی ڈی کی تفتیش جاری

مقدمات کی سکروٹنی کا کام شروع کر دیا گیا ، پانچ سو سے زائد مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجنے کی سفارش

جمعہ 23 جون 2017 18:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء) کراچی سینٹرل جیل سے دو خطرناک ملزموں کے فرار پر کانٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کی تفتیش جاری ہے ۔ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ملزموں کے مقدمات کی سکروٹنی شروع کر دی گئی ۔ پانچ سو سے زائد کیسز فوجی عدالتوں میں بھیجنے کی سفارش بھی کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق کراچی سینٹرل جیل سے فرار دو خطرناک قیدیوں کی تلاش جاری ہے ۔

کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے تفتیش کا سلسلہ تیز کر دیا ۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثنا اللہ عباسی کے مطابق جیلوں میں کالعدم تنظیموں کے کارندے کئی برسوں سے قید ہیں اور ان کے مقدمات عام عدالتوں میں چل رہے ہیں ، کیس پیپرز میں ان ملزمان کا نام کالعدم تنظیموں کے کارندوں کے طور پر درج نہیں ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا سی ٹی ڈی نے مقدمات کی سکروٹنی شروع کر دی ہے ۔

پانچ سو سے زائد مقدمات فوجی عدالت بھیجنے کی سفارش بھی کی ہے ۔ خطرناک ملزمان ممتاز عرف فرعون اور احمد عرف منا کا مقدمہ فوجی عدالت میں ہوتا تو وہ فرار نہیں ہوسکتے تھے ، دوسری طرف جیلوں میں کالعدم تنظیموں کے مضبوط نیٹ ورک کی وجہ سے جیل حکام بھی ان ملزمان سے خوف کا شکار رہتے ہیں ۔ کراچی سینٹرل جیل سے دو خطرناک قیدی ایک ہفتے قبل فرار ہوگئے تھے جن کی تلاش کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :