اٹک میں عیدالفطرکے اجتماعات کی سکیورٹی کے لیے تمام تر اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 23 جون 2017 18:58

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کہا ہے کہ ضلع اٹک میں عیدالفطر کے دوران نمازوں کے اجتماعات کی سکیورٹی کے لیے تمام تر اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔ عید کی نماز کے مرکزی اجتماعات عید گاہ اور لیاقت علی شہید سٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔ ان اجتماعات کی فول پروف سکیورٹی کے فرائض ضلعی پولیس اٹک سرانجام دے گی۔

انہوںنے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں عید الفطر کے حوالے سے ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور چیف افسران کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے چیف افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عید کی نماز کے اجتماعات کے مقامات کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے اور اس ایریا کے اردگرد رکاوٹوں اور دیگر غیر ضروری سامان کو مکمل طور پر صاف کردیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ عید کی نماز کے مقامات پر پارکنگ ان مقامات سے کافی دور رکھی جائے اور ان مقامات کو جانے والے راستوں کو ہر قسم کی رکاوٹ سے پاک رکھا جائے۔ ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت نے اس موقع پر بتایا کہ عید الفطر کے موقع پر نماز کے اجتماعات کی فول پروف سکیورٹی کے لیے محکمہ پولیس کے افسران اور نوجوانوں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں تاکہ فرزندان اسلام پورے سکون سے عید الفطر کی نماز ادا کرسکیں۔

انہوںنے عوام سے اپیل کی کہ وہ فرائض کی انجام دہی میں پولیس اہلکاروں سے تعاون کریں تاکہ کسی بھی شرپسند کو عوام کی جان و مال سے کھیلنے کی جرات نہ ہوسکے۔ انہوںنے ہدایت کی کہ نماز کے مقامات کا داخلی اور خارجی راستہ ایک ہی ہونا چاہیے ۔چیف سکیورٹی آفیسر نے ’’اے پی پی‘‘ کو سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں 1750افسران و اہلکاران مساجد اور امام بارگاہوں کے علاوہ عید کی نماز کے دیگر اجتماعات کی سکیورٹی کے لیے تعینات کیے جا رہے ہیں جن میں 6 ڈی ایس پیز، 16 ایس ایچ اوز، 160انسپکٹرز اور سب انسپکٹرز، 140ہیڈ کانسٹیبلان اور 1384کانسٹیبلان کے ساتھ ایلیٹ فورس اور مساجد اور امام بارگاہوں کے رضاکار بھی ڈیوٹی سر انجام دیں گے تا کہ کسی بھی نا خوشگوار صورتِ حال کا تدارک کیا جا سکے۔