اٹک میں جمعةالوداع کو یوم القدس کے طور پر منایا گیا

جمعہ 23 جون 2017 18:55

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) دنیا بھر کی طرح اٹک میں بھی جمعةالوداع کو یوم القدس کے طور پر منایا گیا۔ اس بار علیحدہ علیحدہ جلوس نکالنے کے بجائے محافظین قدس کمیٹی ضلع اٹک کے زیرِ انتظام ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی،ریلی میں شامل سینکڑوں افراد کی سکیورٹی کے لیے ڈی ایس پیاور ایس ایچ او سید مظہر شاہ کی قیادت میں سکیورٹی اداروں کی بہت بڑی تعدادموجود تھی۔

مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندگان نے بھی ریلی میں شرکت کی جن میں جماعتِ اسلامی، پاکستان تحریکِ انصاف، مرکزی سیرت کمیٹی اٹک، تحریکِ منہاج القرآن، کنز الایمان ویلفیئر سوسائٹی، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور مرکزی انجمنِ تاجران اٹک شامل تھے۔ ریلی کا آغاز نمازِ جمعہ کے بعد امام بارگاہ حسینیہ کامل پور سیداں اٹک سے ہو ا۔

(جاری ہے)

ریلی اپنے راستے سے ہوتی ہوئی کچہری چوک پہنچی جہاں امریکی اور اسرائیلی پرچم کو جلایا گیا۔

مولانا احمد علی رضوی اورشیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو خندق اور خیبر کے واقعات اس لیے سناتے ہیںتاکہ ان میں جذبہ ء ایمانی کو بڑھایا جا سکے۔ اس موقع پر سید خادم حسین نقوی نے قرار دادیں پیش کیں جنہیں باتفاقِ رائے منظور کیا گیا۔ قرارداد میں فلسطین کشمیر ، بحرین، یمن اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمان بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ قرار داد میں رد الفساد کی بھی مکمل حمایت کی گئی، بعد ازاں ریلی پر امن طور پر منتشر ہو گئی۔