رنگ برنگے لڈو، جلیبی، رس گلے کھانے کے شوقین ہوشیار باش

پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈائون، گورمے سوئیٹس پروڈکشن یونٹ کو 10لاکھ جرمانہ، 300ناقص کیک تلف بگ مین سوئیٹس اور بسم اللہ سوئیٹس سیل 18 من ناقص مٹھائی، 21 من خام مال موقع پر ضائع کر دیا گیا

جمعہ 23 جون 2017 18:43

رنگ برنگے لڈو، جلیبی، رس گلے کھانے کے شوقین ہوشیار باش
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء) رنگ برنگے لڈو، جلیبی، رس گلے کھانے کے شوقین افراد ہو جائیں ہوشیار باش۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے اب تک چیک کئے گئے یونٹس میں تیار ہونے والی تمام قسم کی مٹھائیوں میں ٹیکسٹائیل کلرز اور کیمیکلز کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔ فوڈ اتھارٹی نے جتنے بھی یونٹ چیک کیے سب کے سب ناقص رنگ استعمال کرتے پائے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کے سربراہی میں لاہور سمیت تمام شہروں میں مٹھائیاں تیار کرنے والے یونٹس پر چھاپے مارے گئے۔رات گئے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے معروف گورمے، بگ مین سوئیٹس اور بسم اللہ سوئیٹس پر چھاپے مارے اورانتہائی ناقص اجزاء اور مضر صحت رنگوں کے استعمال پر بگ مین اور بسم اللہ سوئیٹس کو سیل کر د یا جبکہ دونوں یونٹس سے مجموعی طور پر 18 من ناقص مٹھائی، 21 من خام مال تلف کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

بھوبھتیاں چوک گورمے سوئیٹس اینڈ بیکرز کوناقص صفائی، مضر صحت اجزاء اور غیر معیاری رنگوں کے استعمال پر 10 لاکھ جرمانہ اور 300 کیک موقع پر تلف کر دیے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل ے مزید بتایا کہ اب تک لاہور میں 9 سوئیٹس پروڈکشن یونٹس، ملتان میں 6، فیصل آباد میں 8، راولپنڈی میں 6 اور گوجرانوالہ میں 7 یونٹس سیل، 19 لاکھ کے جرمانے کیے جا چکے ہیں۔تمام یونٹس میں سستے، مضر صحت اور کینسر کا سبب بننے والے رنگ اور کیمیکل استعمال کیے جا رہے تھے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی مٹھائیوں میں بہتریں اجزاء کے استعمال اور صاف ستھرے ماحول میں تیاری کے لیے کوشاں ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ مٹھائیوں کے انتخاب میں محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے رنگ برنگی مٹھائیوں سے ہر ممکن پرہیز کریں۔

متعلقہ عنوان :