شفاف قرعہ اندازی کے عمل کے نتیجہ میں کامیابی حاصل کرنے والے خوش نصیب کاشتکار مبارکباد کے حقدار ہیں، ملک عطاء محمد

جمعہ 23 جون 2017 19:01

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) شفاف قرعہ اندازی کے عمل کے نتیجہ میں کامیابی حاصل کرنے والے خوش نصیب کاشتکار مبارکباد کے حقدار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ملک عطاء محمد جنرل اسسٹنٹ (ریونیو) نے پی بی روپس اور سیکس فیرامون ٹریپس کی قرعہ اندازی کے موقع پر موجود شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اس سہولت سے آپکی کپاس میں گلابی سنڈی کی وجہ سے ہونے والے نقصان کے امکانا ت تقریباً ختم ہو جائیں گے۔

اس موقع پر خالد محمود بھٹہ، چوہدری نیاز احمد، محمد اکرم، نوید عصمت کاہلوں، رائے ظفر عباس کھرل، رانا محمد عارف، محمد تقی سمیت درخواست دہندہ کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ملتان ڈویژن رانا احمد منیر نے تقریب کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پی بی روپس (گاسپ لیور) ایسے جنسی پھندے ہیں جن میں گلابی سنڈی کو کنڑول کرنے کے لیے ایک کیمیائی مادہ آہستہ آہستہ نکل کر پورے کھیت کا احاطہ کر لیتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی بی روپس پنجاب کے کاٹن زون میں تحصیل کی سطح پر 50 ایکڑ کے بلاک پر مفت لگائے جا رہے ہیں جس سے گلابی سنڈی کے موثر تدارک کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 40 سے 45 دنوں کی کپاس میں گلابی سنڈی کی افزائش نسل کو روکنے کے لیے 120 گاسپ لیور (gossyplure) فی ایکڑ لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پی بی روپس کے استعمال سے گلابی سنڈی کی شرح افزائش میں کمی واقع ہو گی اور پیداوار میں یقینی اضافہ ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ پی بی روپس کی اثر پذیری کا دورانیہ 90 سے 120 دن تک ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چوہدری نیاز احمد نے کہا کہ درخواستوں کی وصولی اور سکروٹنی کا عمل نہایت شفاف انداز میں مکمل کیا گیا ہے اور اسی طرح قرعہ اندازی کا عمل بھی نہایت صاف اور شفاف انداز میں مکمل کیا گیا ہے۔ پی بی روپس ماحول اور کسان دوست کیڑوں پر بے اثر ہیں۔

اس موقع پر نوید عصمت کاہلوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر میں کپاس کا 100 فیصد زیر کاشت رقبہ گلابی سنڈی سے متاثر ہوتا ہے جس کے باعث کپاس کی کل پیداوار میں اوسطاً 30 فیصد تک کمی کے ساتھ ساتھ پھٹی کی کوالٹی بھی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گلابی سنڈی کے تدارک کے لیے پرنٹ والیکڑانک میڈیا کے ذریعے بھر پو اور موثر آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔قرعہ اندازی میں کامیاب خوش نصیب کاشتکاروں میں ملتان سے محمد الیاس ولد خدا بخش چک 5 فیض، تحصیل شجاع آباد سے عبدالکریم ولد محمد شریف موضع جلال وجیہہ اور تحصیل جلالپور پیروالا سے محمد ایوب ولد محمد افصل شامل ہیں۔