عمران جان لیں ایمپائر کی انگلی اب نہیں اٹھے گی اقتدار حسرت ہی رہے گا ،ملک پرویز،خواجہ عمران

جمعہ 23 جون 2017 17:57

عمران جان لیں ایمپائر کی انگلی اب نہیں اٹھے گی اقتدار حسرت ہی رہے گا ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء)پاکستان مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر ورکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک، جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیرے کہا ہے کہ عمران خان کو ایمپائر کی جس انگلی کے اٹھنے کا انتظار دھرنے کا دوران تھا وہ جے آئی ٹی کے ذریعے بھی نہیں اٹھے گی،اقتدار ان کی حسرت ہی رہے گی،سیاسی جماعتیں اقتدار کے لئے نہیں بلکہ جمہوریت کے لئے جدو جہد کرتی ہیں لیکن پی ٹی آئی جو کہ ایک مافیا ہے پہلے دن سے ہی اقتدار کے حصول کے لئے چور دروازے تلاش کررہی ہے،بیرونی فنڈنگ سے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے،عمران خان نے 2013 سے ’’بدتمیزی اور اوئے ‘‘کی سیاست شروع کی انہوںنے اداروں کے خلاف نعرے لگوانے اور بدنام کرنے کی سیاست کی،وہ عدالت سے بھاگنے کی کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور پارٹی آفس میں عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید توصیف شاہ، عامر خان،رانا احسن شرافت،جاوید اقبال،سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید کہاکہ اداروں کی تضحیک کرنے ‘ اوردوسروں پر الزامات لگانیوالے عمران خان جواب دینے الیکشن کمیشن یاعدالت کیوں نہیں آتے چھپ کیوں رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ، عمران خان اور پیپلز پارٹی کا مقصد ملکی ترقی اور کرپشن کا خاتمہ نہیں،عوام ان سے بدلہ لے گی ثبوت کے بغیر کسی پر بہتان لگانا اور اداروں کی تضحیک کرنا سب سے بڑا گناہ ہے۔