اعلی کارکردگی پر ضلع راولپنڈی کے 35 ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور صفائی عملہ میں12لاکھ روپے مالیت کے خدمت ایوارڈتقسیم

صحت خد مت ایوارڈکی تقسیم دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کی محنت کا صلہ ہے ، راجہ جاوید اخلاص

جمعہ 23 جون 2017 18:24

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر کی طرح ضلع راولپنڈی میں بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرنیوا لے 35 ڈ اکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور صفائی کے عملہ میں مجموعی طور12لاکھ روپے مالیت کے صحت خدمت ایوارڈ تقسیم کئے گئے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے کیبنٹ ڈویژن و رکن قومی اسمبلی راجہ جاوید اخلاص نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر فیاض احمد بٹ کے ہمراہ پوٹھوہار ٹائون ہال راولپنڈی میں صحت خدمت کارڈ تقسیم کئے۔

اس موقع پر قائم مقام کمشنر طلعت محمود گوندل، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر احسن نوید، ڈی ایچ اوز ڈاکٹر جبار، سہیل اور عامر، ضلعی انتظامیہ اور ہیلتھ اتھارٹی کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، پارلیمانی سیکرٹری برائے کیبنٹ ڈویژن و رکن قومی اسمبلی راجہ جاوید اخلاص نے کہاکہ وزیر اعلی شہباز شریف نے انسانیت کی خدمت کرنے والے ہیلتھ پروفیشنلز کی خدمات کے اعتراف میں انہیں خدمت کارڈ سے نوازا ہے کیونکہ یہ لوگ شہری اور دیہاتی علاقوں میں یکساں طور پر اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں تمام مشکلات کے باوجود سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ صحت خدمت کارڈ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کی اعلیٰ خدمت کا صلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے دورس نتائج سامنے آرہے ہیں اور عوام کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیا ت میسر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بنیادی مراکز صحت میں عملہ کی کمی کو جلد پورا کیا جائیگااور نئی یونین کونسلوں میں بھی بنیادی مراکز صحت قائم کئے جائیں گے اور ٹراما سنٹر گجر خان میں خالی آسامیوں پر جلد بھرتیاں کی جائیں گے۔

انہوںنے کہاکہ حکومت پنجاب نے بہترین کارکردگی دیکھانے والے سرکاری ملازمین کی خدمت کے اعتراف میں مختلف اقدامات کئے ہیں۔ انہو ں نے صحت خدمت ایوارڈ حاصل کرنے والے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور صفائی پر مامور عملہ کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں اسی جذبہ سے جاری رکھیں ۔قائم مقام کمشنر طلعت محمود گوندل نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہاز شریف کی زیر قیادت اقدامات سے صحت کے شعبہ میں نمایاں بہتری آئی ہے اور عوام کو ریلیف ملا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ مری اور واہ میں دو ہسپتالوں پر تیزی سے کام جا ری ہے جہاں علاج معالجہ کی اعلی سہولیات میسر ہونگی اور وزیر اعلی شہباز شریف کا ویژن ہے عوام کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچائی جائیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر فیاض احمد بٹ نے کہاکہ ماہرین کی ایک ٹیم نے میرٹ پر بہترین کاکردگی مظاہر ہ کرنے والے ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور صحت کے عملہ کا انتخاب کیا ہے تاکہ ان میں صحت خدمت ایوارڈ تقسیم کئے جا سکیں۔

انہوںنے کہاکہ ضلعی سطح پر خدمت ایوارڈ حاصل کرنے والے ڈاکٹرز اور سٹاف کو ایک موجودہ بنیادی تنخواہ کے برابر ایوارڈ دیا جائیگا جبکہ ڈویژنل اور صوبائی سطح پر خدمت ایوارڈحاصل کرنے والے ڈاکٹروں اور سٹاف کو دو موجودہ بنیادی اور تین موجودہ بنیادی تنخواہوں کے برابر ایوارڈ دیا جائیگا۔