سوشل اسٹوڈینٹس فورم کا 31 واں سالانہ ہفتہ عیادت کا انعقاد

جمعہ 23 جون 2017 17:51

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) سوشل اسٹوڈینٹس فورم کے چیئر مین نفیس احمد خان نے کہا ہے کہ فورم کا 31 واں سالانہ ہفتہ عیادت اس سال بھی یکم شوال، عید الفطر کے پہلے دن سے سات دنوں تک منایا جائے گا۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ہفتہ عیادت کا آغاز ایدھی چائلڈ ھوم کورنگی سے بلدیہ کورنگی کے چیئرمین سید نیر رضا بچوں کے ساتھ عید کیک کا ٹ کر کریں گے جبکہ عید کے دوسرے دن نیشنل اسٹی ٹیوٹ فار چائلڈ ھیلتھ میں کمشنر کراچی اعجاز احمد خان، ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، مرزا اشتیاق بیگ بچوں میں مٹھائی تقسیم کریں گے۔

عید الفطر کے تیسرے دن دار السکون میںڈاکٹر شہانہ عروج کاظمی وائس چانسلر دادا بھائی انسٹی ٹیوٹ برائے ہائیر ایجوکیشن، جناب زاہد قمر سابق نائب صدر کراچی چیمبر آف کامرس انڈسٹری اور محمد عرفان الحق صدیقی اسپیشل بچوں میں تحائف تقسیم کریں گی۔

(جاری ہے)

عید کے چوتھے دن المصطفیٰ میڈیکل سینٹر میں حاجی حنیف طیب، ڈاکٹر محمد احمد قادری ڈین فیکلٹی آف آرٹس جامعہ کراچی، اسماء محمد علی شاہ مریضوں میں تحائق تقسیم کریں گی۔

عید کے پانچویں دن افضال تھیلیسیما میموریل فاؤنڈیشن میں سابق گورنر معین الدین حیدر، سید خالد شاہ بچوں میں تحائف تقسیم کریں گے۔ چھٹے دن عمیر ثنا فاؤنڈیشن میں کیپٹن ایم ضیاء عالم، ڈاکٹر معظم حیدر، ہما بخاری اور سید حسنین رضوی بچوں میں تحائف تقسیم کریں گے جبکہ ساتویں اور آخری دن اوجھا چیسٹ ڈیزیز انسٹی ٹیوٹ میں اختتامی تقریب کے موقع پر توقع ہے کہ گورنر سندھ جناب محمد زبیر اور صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات و ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ مریضوں میں تحائف اور مہمانوں میں ایوارڈ تقسیم کریں گے جبکہ ڈاکٹر اجمل احمد خان وائس چانسلر جامعہ کراچی تقریب کی صدارت فرمائیں گے۔