سپریم کورٹ کا جے آئی ٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار

تحقیقات درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں ، سپر یم کورٹ

جمعہ 23 جون 2017 17:00

سپریم کورٹ کا جے آئی ٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2017ء) سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ جے آئی ٹی کی تحقیقات درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں ، جس سے توقع کی جا سکتی ہے کہ جے آئی ٹی اپنا وقت مقررہ مدت میں مکمل کر لے گی ، یہ آبزرویشن عدالت عظمیٰ کے خصوصی بنچ نے پانامہ عملدرآمد کیس کی گزشتہ سماعت کے جاری تحریری حکم نامے میں دی گئی ہے ، یا د رہے کہ جمعہ کو جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تھی۔

خصوصی بنچ نے جمعہ کو جاری حکم نامے میں کہا ہے کہ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء نے ایف بی آر سے دستاویزات نہ ملنے کی شکایت کی ہے ،جبکہ اٹارنی جنر ل نے ریکارڈ کی فہرست ملنے پر بلاتاخیر ریکارڈ کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے ، عدالت کے حکم نامے میں مزید قرار دیا گیا ہے کہ ویڈیو ریکارڈنگ روکنے سے متعلق حسین نواز کی استدعا مسترد کر چکے ہیں تاہم اٹارنی جنرل بتائیں کہ حکومت کو تصویر لیک کرنے والے شخص کی شناخت ظاہر کرنے پر کوئی اعتراض تو نہیں ہے ، حکم نامے میں جے آئی ٹی کو دس جولائی حتمی رپورٹ جع کرانے حکم دیا گیا ہے ، حکم نامے کے مطابق کیس کی آئندہ سماعت بھی د س جولائی کو ہوگی ۔

(جاری ہے)

یا د رہے کہ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل عدالت عظمیٰ کے خصوصی پانامہ عملدرآمد بنچ نے جمعرات کو پانامہ عملدرآمد کیس کی سماعت کی تھی جس میں جے آئی ٹی نے اپنی تیسری رپورٹ بند لفافے میں بنچ کے سامنے پیش کی تھی ۔

متعلقہ عنوان :