بلوچستان اور پورے پاکستان میں بھارتی ریاست کا انتہائی غیرذمہ دارانہ کردار ہے، ترجمان بلوچستان حکومت

بھارت دہشت گردی کو پاکستانیوں کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، یہ خطہ کے لئے اچھا شگون نہیں بری خبر ہے، دہشت گردوں نے کوئٹہ میں ایک عام شاہراہ پر آسان ہدف کو نشانہ بنایا ، سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی جانیں دے کر عام لوگوں کی زندگیاں بچائی ہیں حکومت بلوچستان کے ترجمان انوار الحق کاکڑ کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 23 جون 2017 16:22

بلوچستان اور پورے پاکستان میں بھارتی ریاست کا انتہائی غیرذمہ دارانہ ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء) حکومت بلوچستان کے ترجمان انوار الحق کاکڑ نے آئی جی آفس کے سامنے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بلوچستان کے اندر اور عمومی طور پر پورے پاکستان میں بھارتی ریاست کا انتہائی غیرذمہ دارانہ کردار ہے۔ بھارت دہشت گردی کو پاکستانیوں کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

یہ خطہ کے لئے اچھا شگون نہیں اور بری خبر ہے۔ دہشت گردوں نے کوئٹہ میں ایک عام شاہراہ پر آسان ہدف کو نشانہ بنایا ہے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی جانیں دے کر عام لوگوں کی زندگیاں بچائی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انوار الحق کاکڑ نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پونے نو بجے کے قریب 1986ء ماڈل ٹیوٹا کرولا گاڑی آئی جی آفس کے قریب آئی اور اسے پولیس اہلکاروں کی جانب سے روکا گیا۔

(جاری ہے)

اسی دوران دھماکہ ہو گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس اطلاع تھی کہ دہشت گرد کہیں نہ کہیں کوئی واقعہ کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کے جو ممکنہ انتظامات تھے وہ سکیورٹی اور پولیس کے اہلکاروں نے گاڑی کو روکا اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر لوگوں کی جانیں بچائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں زخمیوں کی دیکھ بھال کے انتظامات مکمل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اہلکار اپنی پوری تندہی اور کوشش کے ساتھ کام کر رہے ہوتے ہیں لیکن آپ جب بڑی جنگ کا حصہ ہوتے ہیں تو اسی قسم کا نفسیاتی وار دشمن کرنا چاہتا ہے کہ کسی نہ کسی سافٹ ٹارگٹ کو پکڑ کر واقعہ کرتا ہے اور یہ احساس دلانے کی کوشش کرتا ہے کہ وہ اس جنگ کو آگے چلانے اور بڑھانے کا اہل ہے۔ نسبتاً ایک عام شاہراہ پر آسان ہدف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

شاید یہ آگے اپنے ٹارگٹ کی جانب بڑھنا چاہتے تھے جو نہیں کر پائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ میرا پختہ نقطہ نظر ہے کہ بلوچستان کے اندر اور عمومی طور پر پورے پاکستان میں بھارتی ریاست کا انتہائی غیرذمہ دارانہ کردار ہے۔ بھارت دہشت گردی کو ایک ہتھیار کے طور پر پاکستانیوں کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔ یہ خطہ کے لئے اچھا شگون نہیں اور یہ بری خبر ہے انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ تمام مساجد اور عبادت گاہوں کے باہر سکیورٹی بڑھائی جا رہی ہے۔