وزیر داخلہ کی ڈی جی اے این ایف کو طیارہ منشیات سمگلنگ کیس کی تحقیقات پر پریس کانفرنس کرنے کی ہدایت

جمعہ 23 جون 2017 16:22

وزیر داخلہ کی  ڈی جی اے این ایف کو طیارہ منشیات سمگلنگ کیس کی  تحقیقات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ڈی جی اے این ایف کو طیارہ منشیات سمگلنگ کیس میں اب تک کی جانے والی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت پریس کانفرنس کے ذریعے منظر عام پر لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ائیرلائن کے ذریعے منشیات کی سمگلنگ جیسے سنگین جرم سے ملک کی نیک نامی اور وقار کو ٹھیس پہنچی ہے، اس مکروہ کاروبار کا فوری قلع قمع کرنا نہایت ضروری ہے، کیس کو ٹیسٹ کیس بناتے ہوئے اس کی موثر پیروی کی جائے اور اسے ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے، یہ کاروائی محض چند افراد کی ملی بھگت تک ہی محدود نہیں بلکہ اس واقعے میں بین الاقوامی مافیا ملوث ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکاٹیکس فورس میجر جنرل مسرت نواز ملک نے پنجاب ہاوس میں ملاقات کی جس میں ڈی جی اے این ایف نے وزیرِ داخلہ کو پی آئی اے طیارہ منشیات سمگلنگ کیس کی تحقیقات کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تفتیش کے دوران سامنے آنے والے شواہد کی روشنی میں واقعے میں ملوث بیشتر افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جس پر وزیرِ داخلہ نے کیس کی تفتیش کے سلسلے میں اے این ایف کے پیشہ وارانہ کردار کی تعریف کی اور کہا کہ قومی ائیرلائن کے ذریعے منشیات کی سمگلنگ جیسے سنگین جرم سے ملک کی نیک نامی اور وقار کو ٹھیس پہنچی ہے۔

اس مکروہ کاروبار کا فوری قلع قمع کرنا نہایت ضروری ہے۔ طیارہ منشیات سمگلنگ کیس کو ٹیسٹ کیس بناتے ہوئے کیس کی موثر پیروی کی جائے اور اسے ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ وزیرِ داخلہ نے کہا اب تک سامنے آنے والے حقائق سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ یہ کاروائی محض چند افراد کی ملی بھگت تک ہی محدود نہیں بلکہ اس واقعے میں بین الاقوامی مافیا ملوث ہے۔ متعلقہ ممالک کی حکومتوں سے تعاون سے کیس کی تفتیش کے دائرہ کار کو بڑھا یا جائے۔ انہوں نے ڈی جی اے این ایف کو اب تک کی جانے والی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت پریس کانفرنس کے ذریعے منظر عام پر لانے کی ہدایت کی۔