افغانستان ،ْ ہلمند میں بینک کے باہر ہجوم کے قریب بم دھماکہ ،ْ 34افراد ہلاک ،ْ ساٹھ سے زائد زخمی

جمعہ 23 جون 2017 16:13

افغانستان ،ْ ہلمند میں بینک کے باہر ہجوم کے قریب بم دھماکہ ،ْ 34افراد ..
ہلمند(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء) افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں بینک کے باہر ہجوم کے قریب ہونے والے کار بم دھماکے میں 34 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے ،ْ زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے ۔غیر ملکی میڈیا نے صوبائی پولیس چیف جنرل آغا نور کے حوالے سے بتایا کہ بم دھماکا صوبائی دارالحکومت لشکر گاہ میں ایک بینک کے سامنے ہوا۔

(جاری ہے)

میڈیا نے گورنر ہلمند کے ترجمان عمر زواک کے حوالے سے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے مزید کچھ افراد دوران علاج ہسپتال میں چل بسے، جس وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 34 ہوچکی ہے ،ْ کچھ زخمیوں کی حالت تاحال تشویش ناک ہے۔سرکار ی حکام نے بتایا کہ دھماکہ عین اس وقت ہوا جب بینک کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو عید الفطر سے قبل اپنی تنخواہیں نکلوانے کیلئے یہاں آئے تھے۔لشکر گاہ کے ہیلتھ ڈائریکٹر حاجی مولاداد کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں فوری طور پر 25 لاشیں لائی گئیں ،ْ60 زخمی افراد کو بھی علاج کے لیے لایا گیا۔فوری طور پر دھماکے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس دہشت گردی میں کالعدم تنظیمیں ملوث ہوسکتی ہیں۔