بھارت مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانیت سوز مظالم کی انتہائوں کو چھو چکا ہے ‘بھارتی حکمران اور افواج کی مجرمانہ خاموشی اور اقوام متحدہ جیسے مہذب اور بڑے ادارے کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے استصواب رائے کے حق کیلئے اپنا کردار ادا نہ کرنا لمحہ فکریہ اور کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے

چیئرمین سینیٹ پاکستان میاں رضا ربانی کی پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے رہنما ہمایوں زمان مرزا سے گفتگو

جمعہ 23 جون 2017 15:56

میرپور/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء) چیئرمین سینیٹ پاکستان میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانیت سوز مظالم کی انتہائوں کو چھو چکا ہے بھارتی حکمران اور افواج کی مجرمانہ خاموشی اور اقوام متحدہ جیسے مہذب اور بڑے ادارے کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے استصواب رائے کے حق کیلئے اپنا کردار ادا نہ کرنا لمحہ فکریہ اور کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے ، نریندر سنگھ مودی اور آٹھ لاکھ بھارتی افواج گزشتہ ایک سال سے مقبوضہ کشمیر میں سینکڑوں معصوم کشمیریوں کو شہید کرچکی ہے جبکہ ہزاروں کشمیری نوجوانوں ، بزرگوں اور بچوں پر مہلک ترین ہتھیار پیلٹ گن سے فائرنگ کر کے ان کو ہمیشہ کیلئے معذور او رنابینا بنا دیا گیا ہے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال اور فائرنگ اور گولا باری سے جہاں ایل او سی پر بسنے والوں کی زندگیاں خطرات سے دوچار ہیں وہیں بھارتی کی ان شیطانی حرکتوں سے جنوبی ایشیاء کے امن کو بھی شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں بھارتی افواج اپنی طاقت اور اسلحہ کے زور پر کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو دبانے کی کوششوںمیں مصروف عمل ہے ایسے حالات میں جنوبی ایشیاء کا امن بھارتی حکمرانوں بالخصوص بھارت کے قاتل وزیراعظم نریندر سنگھ مودی کی وجہ سے تہہ و بالا ہونے سے دوچار ہے اور بھارت کی ہٹ دھرمی اور اناکے باعث یہ مسئلہ دنیا کو تیسری عالمگیر جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو جنوبی ایشیاء سمیت پوری دنیا کا امن خراب ہو سکتا ہے ،جب تک مسئلہ کشمیر اپنے منطقی انجام سے دوچار نہیں ہو جاتا اس وقت تک پائیدار امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار چیئرمین سینیٹ پاکستان میاں رضا ربانی نے اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر رہنما چیئرمین جموں کشمیر ہیومن رائٹس کمیشن ہمایوں زمان مرزا سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات سے قبل ہمایوں زمان مرزا نے چیئرمین سینیٹ کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ یہ ہماری سب کی ذمہ داری ہے کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کشمیر کی ہر فورم پر آواز کو بلند کریں اور کشمیریوں کے استصواب رائے کی اہمیت کو مد نظر رکھ کر دنیا کو یہ باور کرائیں کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے اور کشمیریوں کی اخلاقی ، سفارتی اور جغرافیائی اہمیت جاری رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری حریت پسند رہنمائوں سید علی گیلانی ،یاسین ملک ،میر وعظ عمر فاروق ،شبیر احمد شاہ اور دیگر قائدین کی گرفتاریاں مودی سرکار حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے کشمیری آج بھی بھارت سے نفرت کرتے ہیں اور تا قیامت ہندوستان کی نفرت ان کے دل میں رہے گی ۔اس موقع پر ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی کشمیر کاز کے حوالہ سے خدمات انتہائی لائق تحسین اور قابل تعریف ہیں مجھے بے حد خوشی ہے کہ سینیٹ میں پاکستان پیپلزپارٹی سب سے بڑی اور اکثریتی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام خدمت کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کے تشخص اور ان کی آزادی کی تحریک کو بھرپور طریقہ سے اجاگر کیا ۔

ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ ایک اعلیٰ سطحی وفد مقبوضہ کشمیر میں بھیجے جو کشمیریوں پر ہونے والے تاریخ کے بدترین مظالم اور بھارتی درندہ صفت افواج کے کالے کرتوتوں کا جائزہ لے کر ہندوستا ن کو دہشت گرد ملک اور دہشت گردوں کو پناہ دینے والا ملک ڈکلیئر قرار دے ۔ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جو مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے اور کشمیریوں پر بھارتی جارحیت کو بے نقاب کرنے میں پیش پیش رہا ہے ۔

نریندر مودی انسانیت کی روپ میں چھپا ایک بھیڑیا ہے جس سے کبھی بھی امن کی توقع کی نہیں کی جا سکتی مودی معصوم کشمیر یوں کا قاتل ہے ۔ہمایوں زمان مرزا نے مزید کہا کہ کتنے ستم کی بات ہے ہندوستان کے قاتل وزیراعظم مودی کی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں معصوم بچوں اور بزرگوں کو بیلٹ گن کے بے دریغ استعمال کے ذریعے انہیں ساری زندگی کے لیے آنکھوں کی بینائی سے محروم کر دیا ہے معصوم ننھے منے بچے جن کی عمر ابھی سکول جانے کی ہے وہ بھارتی کتوں کی وحشیانہ کاروائیوں اور بیلٹ گن کا شکار ہو کر ساری دنیا کے لیے آنکھوں سے دیکھنے کے لیے محروم ہو گئے ہیں ۔