کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے نائٹروجن کھاد موسم، قسم زمین اور فصل کی حالت دیکھ کر ڈالیں،محکمہ زراعت

جمعہ 23 جون 2017 14:39

کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے نائٹروجن کھاد موسم، قسم زمین اور فصل کی حالت ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کپاس کے کاشتکار اگیتی کاشت کے لیے نائٹروجن کھاد کا 1/6حصہ بجائی کے وقت،1/6حصہ بجائی سے 30 سے 35دن بعد جبکہ باقی ماندہ نائٹروجن کھاد ایک پانی چھوڑ کر اگلے پانی پرڈالتے جائیں یا موسم، قسم زمین اور فصل کی حالت کو دیکھ کر فیصلہ کریں۔مئی میں کاشتہ فصل کے لیی1/4حصہ بجائی سے 35-30دن بعد، 1/4حصہ ڈوڈیاں بننے پر اوربقیہ1/4حصہ ٹینڈے بننے پر استعمال کریں۔

فاسفورسی کھادوں کو بوائی کے وقت چھٹہ کی صورت میں استعمال کرتے وقت اگر ان کو 200 کلو گرام گوبر کی کھادکے ساتھ ملا لیں تو بہتر نتائج حاصل ہوںگے۔خشک زمین میں نائٹروجن کی کھاد دینے کی صورت میں فصل کو فوراً پانی لگائیں ۔ بہتر ہے کہ شام کے وقت کھاد ڈالیں۔

(جاری ہے)

کھادوں سے بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ زمین میں نامیاتی مادہ کی مقدار کو بڑھانے کے لیے فصلوں کی باقیات کو کھیتوں میں اچھی طرح دبادیں اور سبز کھاد کے استعمال کو بھی ترجیح دی جائے۔

وائرس کے حملہ کی صورت میں شروع کے پہلے چار پانیوں کے ساتھ آدھی بوری یوریا دیں۔زنک اور بوران کا استعمال سپرے کے ذریعے بھی کیا جاسکتا ہے۔زنک اور بوران کی کمی کی علامات ظاہر ہونے پر ان کے تین سپرے بوائی کے بالترتیب 45،60اور 90دن کے بعد کریں۔ ترجمان نے کہاکہ سپرے کا محلول بنانے کے لیی100لیٹر پانی میں بورک ایسڈ (17%)بحساب300گرام ، زنک سلفیٹ (33فیصد)250گرام اور کپڑے دھونے والا سرف50گرام حل کریں۔ زنک اور بوران کو دوسرے کیڑے مار زہروں کے ساتھ ملا کر نہ کریں۔سپرے صبح کے وقت یا شام کے وقت اوپر والے پتوں پر کریں۔ دوپہر کے وقت سپرے نہ کریں کیونکہ اس سے پتوں کے جھلسائو کا خطرہ ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :