بھارت اس وقت مقبوضہ علاقے میں مکروہ کھیل کھیل رہا ہے‘یاسین ملک

ْ کشمیریوں سے بے گناہ نوجوانوں کے قتل کے خلاف پر امن احتجاج کا بھی حق بھی چھین لیا گیا ہے

جمعہ 23 جون 2017 14:29

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت نے رمضان المبارک میں بھی بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور جبر و استبداد کی نئی لہر نے ایک مرتبہ پھر بھارتی حکمرانوں اور مقبوضہ علاقے میں انکے گماشتوں کی کشمیر دشمنی پوری طرح سے عیاں کر دی ہے ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطاب محمد یاسین ملک نے اس بات کا اظہار بھارتی فورسز کے ہاتھوں زخمی ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی سرینگر کے صورہ اور صدر ہسپتالوں میں عیادت کے موقع پر اپنی گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس وقت مقبوضہ علاقے میں جو مکروہ کھیل کھیل رہا ہے اس سے اس کی فسطائی سوچ اچھی طرح سے عیاں ہو جاتی ہے۔

(جاری ہے)

محمد یاسین ملک نے کہا کہ بارمولہ میں 2 نوجوانوں کو شہید کیے جانے کے محض دوسرے روز ضلع پلوامہ کے کاکہ پورہ میں 4 نوجوانوں کو شہید جبکہ سو کے قریب افراد کو زخمی کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے بے گناہ نوجوانوں کے قتل کے خلاف پر امن احتجاج کا بھی حق بھی چھین لیا گیا ہے اور لوگ جب پابندیاں توڑتے ہوئے دیوانہ وار سڑکوں پر نکل آتے ہیں تو انہیں گولیاں برسائی جاتی ہیں اور پیلٹ ، پاوا اور آنس گیس کے پارچوں سے چھلنی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے شہداکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ نوجوانوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

محمد یاسین ملک نے زخمیوں کی فوری صحت یابی کی دعا کی۔ دریں اثنا محمدیاسین ملک نے شہید اعجاز احمد بزاز کو انکی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے اہلخانہ کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا ۔ سرینگر کے علاقے بسنت باغ کے رہائشی اعجاز احمد کو 2000میں بھارتی پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے زیر حراست تشدد کر کے شہید کر دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :