امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت کو جدید جاسوس ڈرون دینے کی منظوری دیدی

بھارت نے 2 ارب ڈالرز کی لاگت سے ڈرونز خریدنے کی درخواست کی تھی

جمعہ 23 جون 2017 14:26

امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت کو جدید جاسوس ڈرون دینے کی منظوری دیدی
واشنگٹن/نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء) امریکی محکمہ خارجہ نے جدید جاسوس ڈرونز بھارت کو دینے کی منظوری دیدی، نئی دہلی نے 2 ارب ڈالرز کی لاگت سے 22 گارڈین ڈرونز خریدنے کی درخواست کی تھی۔بھارتی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے محکمہ خارجہ نے 22 ڈرونز فروخت کرنے کی منظوری دینے کے بعد باضابطہ طور پر بھارت کو آگاہ کردیا۔

بھارت نے 2 ارب ڈالرز کی لاگت سے ڈرونز خریدنے کی درخواست کی تھی۔

(جاری ہے)

ماضی میں اوباما انتظامیہ نے بھارت کو یہ ڈرونز دینے سے انکار کردیا تھا۔ 2016 سے اب تک بھارت نے امریکا سے متعدد بار ڈرونز دینے کی درخواست کی تھی۔ امریکی کانگریس اور پینٹاگون نے ڈرونز فروخت کرنے کی اجازت دے دی تھی، لیکن امریکی محکمہ خارجہ کو تحفظات تھے۔ محکمہ خارجہ چین، بھارت اور پاکستان کشیدگی کی صورتحال میں نئی دہلی کو ڈرونز فروخت کر کے خطے کا اسٹریٹجک توازن خراب نہیں کرنا چاہتا تھا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اتوار کے روز امریکی دورے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ سے ڈرونز کی فروخت کا معاملہ اٹھانا چاہتے تھے۔ بھارت کی خواہش ہے کہ امریکا اسے میزائل بردار ڈرونز بھی فروخت کرے۔