پاکستان نے تیزی سے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں اپنا مقام بنانا شروع کر دیا ‘ رانا محمد ارشد

جمعہ 23 جون 2017 13:01

پاکستان نے تیزی سے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں اپنا مقام بنانا شروع کر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء) وز یر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ پاکستان نے تیزی سے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں اپنا مقام بنانا شروع کر دیا ہے جس پر دنیا حیران ر ہ گئی ہے، ہمارے ارد گرد کے ممالک بھی اس کی تیز رفتار ترقی سے خائف ہونا شروع ہو گئے ہیں ،دنیا نے تسلیم کر لیا ہے کہ 2017ء کا پاکستان مضبوط ،مستحکم، پر امن اور روشن ملک ہے،عوامی خدمت کے مشن کو عوامی منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے تیزی سے پروان چڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نوز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قیادت سربراہی میںپاکستان تیزی سے ترقی کی طرف گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان بحا ل ہوا ہے اور اور معاشی صورت حال میں بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

آنے والا وقت بھی پاکستان مسلم لیگ ن کا ہی ہو گا۔مسلم لیگ نے ہر قدم اور ہر موڑ پر ثابت کیاہے کہ وہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک عظیم منصوبہ ہے جس سے ہر پاکستانی کی قسمت کا ستارہ جڑا ہو ہے۔دنیا بھر کے ہر بڑے ملک کی طرف سے اس عظیم منصوبہ میں شمولیت کا عندیہ آچکا ہے۔دشمن ممالک اپنے کارندوں اور افواہ سازوں کے ذریعے اس منصوبہ کو فلاپ قرار دے رہے ہیں مگر اندرونی طور پر وہ جان چکے ہیں کہ اس منصوبہ سے پاکستان دنیا بھر میں معاشی طور پر مستحکم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام تخمینے بتا رہے ہیں کہ2017ء میں ہماری معیشت کا گروتھ ریٹ بڑھے گا۔2025ء ہمارے لئے روڈ میپ ہے جس کی رو سے آئیندہ دس سالوں میںپاکستان دنیا کی دس بڑی معیشتوں میں اہم مقام حاصل کرے گا۔