علماء و مشائخ ونگ کے عہدیداروں کی صدرریاست سے ملاقات‘ مکتب سکولوں کے اساتذہ کو مستقل کرنے کا مطالبہ

انشاء اللہ آئندہ پانچ برسوں میں آزاد کشمیر کے تمام سیاحتی علاقوں تک بہترین سڑکیں تعمیر ہوں گی‘ سیاحتی کاریڈور بنے گا جس سے سیاحت کو فروغ ملے ‘سردار مسعود خان

جمعہ 23 جون 2017 12:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان سے علامہ حمید الدین برکتی کی زیر قیادت مسلم لیگ (ن) علماء و مشائخ ونگ کے عہدیداروں کی ملاقات۔ مکتب سکولوں کے اساتذہ کو مستقل کرنے کا مطالبہ۔ علماء و مشائخ ونگ کے زیر اہتمام کل پاکستان علماء و مشائخ کانفرنس میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی۔

علامہ حمید الدین برکتی نے وادی نیلم کے مسائل اور قدرتی حسن پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ رتی گلی جھیل اور آنسو جھیل تک جانے والی سڑک کو پختہ اور وسیع کیا جائے۔ کیونکہ اس سڑک تو توسیع دے کر وادی کاغان کے ساتھ بابو سر ٹاپ کے ذریعے منسلک کیا جائے۔ اس طرح پاکستان کے ساتھ ایک اور رابطہ پیدا ہو گا اور سیاحتی حوالے سے مشہور دونوں وادیاں باہم جڑ جائیں گی۔

(جاری ہے)

سیاح ایک ہی دورے کے دوران دونوں وادیوں کی سیر کر سکتے ہیں۔ دفاع نقطہ نظر سے بھی یہ سڑک بڑی اہمیت کی حامل ہو گی کیونکہ یہ دشمن کی گولہ باری کی زد سے باہر اور محفوظ ہے۔ انہوں نے صدرآزاد کشمیر کو نیلم ویلی کا دورہ کرنے کی دعوت دی، جسے صدرآزاد کشمیر نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جولائی میں نیلم ویلی کا دوسرا تفصیلی دورہ کریں گے۔ رتی گلی جھیل اور آنسو جھیل ضرور دیکھیں گے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ انشاء اللہ آئندہ پانچ برسوں میں آزاد کشمیر کے تمام سیاحتی علاقوں تک بہترین سڑکیں تعمیر ہوں گی۔ سیاحتی کاریڈور بنے گا جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا متبادل روٹ وادی نیلم کے ذریعے ہو سکتا ہے۔ اس روٹ پر غور و خوض ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی نیلم سی پیک سے منسلک ہو گی۔

متعلقہ عنوان :