پاکستان سالانہ 8 ہزار ٹن خشک میوہ جات کی برآمد سے 50 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کماتا ہے

جمعہ 23 جون 2017 09:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) خشک میوہ جات کی عالمی مارکیٹ کی طلب تقریباً9 لاکھ50ہزار ٹن سالانہ ہے جبکہ پاکستان سے 8 ہزار ٹن خشک میوہ جات برآمد کئے جاتے ہیں اور سالانہ 50 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا جاتا ہے۔ سمال اینڈ میڈیم ڈویلپمنٹ انٹرپرائزز اتھارٹی(سمیڈا) کے حکام نے کہا ہے کہ خشک میوہ جات کی ملکی برآمدات میں فروغ کیلئے سوات میں پھلوں کو خشک کرنے کا جدید ترین ڈی ہائیڈریشن پلانٹ لگایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خشک میوہ جات کی عالمی مارکیٹ کے سالانہ کاروبارکا حجم 2.5 ارب ڈالر ہے جس سے بھرپوراستفادہ کیلئے ملک میں پھلوں اورمیوہ جات کو خشک کرنے کیلئے جدید ترین عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سوات میں خشک پھلوں اور میوہ جات کی پیداوار71 ہزار265ٹن ہے جبکہ جدید سہولتوں اور پراسیسنگ کی سہولیات کی کمی کے باعث ہر سات تقریباً28 ہزار ٹن پھل اور میوہ جات خراب ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پلانٹ کی تنصیب سے نہ صرف پھلوں اورمیوہ جات کے ضیاع کو روکا جاسکے گا بلکہ قومی برآمدات کے فروغ سے سوات اور اردگرد کے علاقوں کی معیشت پربھی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

متعلقہ عنوان :