میپکو کا نیا 132کے وی سورج میانی گرڈاسٹیشن۔چیئرمین خالد مسعود خان نے سنگ بنیادر کھا

جمعہ 23 جون 2017 00:20

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء)ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین خالد مسعود خان نے ملتان شہر میں نئے 132KVخودکار سورج میانی گرڈاسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔132KVخودکار سورج میانی گرڈاسٹیشن میں 20/26ایم وی اے کے 2پاورٹرانسفارمرز نصب کئے جائیں گے اور 1.5کلومیٹر طویل ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی ۔

25کروڑروپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ گرڈاسٹیشن د وماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیاجائے گا۔اس موقع پر خالد مسعود خان نے کہا کہ میپکو خود کار طریقے سے کام کرنے والا گرڈاسٹیشن 2ماہ کی قلیل ترین مدت میں مکمل کرے گی اور یہ میپکو کی تاریخ کا سب سے کم وقت میں مکمل ہونے والا منصوبہ ہوگا ۔صارفین کو بہتر وولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کرنے کے لئے نیاگرڈاسٹیشن تعمیر کیاجارہاہے اس کی تکمیل کے بعد گردونواح کے علاقوں سے کم وولٹیج کی شکایات کا مکمل خاتمہ ہوجائیگا اوراوورلوڈفیڈرز کو نئے گرڈاسٹیشن پر شفٹ کردیں گے ۔

(جاری ہے)

یہ انقلابی منصوبہ ہے اور میپکو جدید ٹیکنالوجی کا بہترین طریقے سے استعمال کررہی ہے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مسعود صلاح الدین نے کہا کہ خودکار 132KV سورج میانی گرڈاسٹیشن کی تعمیر کے منصوبے پر عید الفطر کے فوراًً بعد کام شروع کردیں گے اور کم سے کم وقت میں مکمل کرکے ایک نیا ریکارڈ بنائیں گے ۔اس سے قبل بھی افرادی قوت کے بغیر 132KVبخشن والا گرڈاسٹیشن حاصل پور کام کررہاہے جو بہترین طریقے سے بجلی فراہم کررہاہے ۔

انہوں نے کہا کہ میپکو صارفین کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔صارفین کو بہتروولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کرنے کے لئے نہ صرف نئے گرڈاسٹیشنز بنائے جارہے ہیں بلکہ پہلے سے موجود گرڈاسٹیشنز کو اپ گریڈ کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی بہترین حکمت عملی سے بجلی کا تقسیمی اور ترسیلی نظام اپ گریڈ کرنے کے لئے فنڈز کا استعمال کررہے ہیں ۔گرڈاسٹیشنز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اوورلوڈ ہونے والے فیڈرز کی بائفرکیشن کی جارہی ہے جس سے رواں موسم گرما میں میپکو ریجن میں بجلی فراہمی کی صورتحال گزشتہ سالوں کی نسبت بہترہوگئی ہے ۔