کراچی کو ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے مل کر تباہ کیا، راہنماء جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن

عوام ایسے لوگوں کو مسترد کردیں جنہوں نے ماضی میں عوام سے ووٹ لے کراقتدار کے مزے لوٹے لیکن عوام کی خدمت نہ کر سکے، ضمنی انتخابات کے حوالے سے عوامی اجتماع سے خطاب

جمعرات 22 جون 2017 23:31

کراچی کو ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے مل کر تباہ کیا، راہنماء جماعت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2017ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو ضمنی انتخابات سے قبل PS-114کا خیال نہیں آیا اب انتخابی حلقے میں فنڈز خرچ کیے جارہے ہیں ۔ کراچی کو ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے مل کر تباہ کیا ہے یہ دونوں جماعتیں حکومتوں میں شریک رہی ہیں اور اب ایک بار پھر سے ووٹ مانگ کر عوام کا استحصال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، ایڈ من سوسائٹی کی خاص بات ہے کہ اس نے ملک میں ہونے والے ہر الیکشن میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیا ہے اور یہاں کے منتخب نمائندوں نے حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے ، عوام ضمنی انتخابات میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور ترازو پر مہر لگائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ایڈمن سوسائٹی کی جانب سے گرین فلیگ اسکول PS-114میں جماعت اسلامی کے نامزد امید وار ظہور احمد جدون اور علاقہ مکینوں کے اعزاز میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

دعوت افطار سے ظہور احمد جدون ، سابق یوسی ناظم 5عمران سعید باغپتی ،امیر زون منظور کالونی ، سرفراز اور خرم رزاق نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر راجہ عارف سلطان ،سلیم بٹ اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ پیپلز پارٹی کو اگر PS-114کا اتناہی خیال تھا تو اس نے 4سال ہوگئے اس حلقے میں کوئی ترقیاتی کام کیو ں نہیں کرائے۔انہوں نے کہا کہ عوام اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں ان کا بہتر مستقبل ان کے ہاتھ میں ہے ۔ عوام ایسے لوگوں کو مسترد کردیں جنہوں نے ماضی میں ان سے ووٹ تو لیے اور اقتدار کے مزے بھی لوٹے اور عوام کے لیے کچھ نہیں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ امن وامان اور اخوت و محبت کراچی کی شناخت تھی۔ کراچی سے اس کی شناخت اور دینی تشخص چھینا گیا ہے ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کو اس کی شناخت اور تشخص واپس ملے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے مل کر کراچی کو لوٹا ہے اور تباہ و برباد کیا ہے ۔یہ پارٹیاں عوام کو ان کے حقوق نہیں دلاسکتی ان پارٹیوں نے کے الیکٹرک کی لوٹ مار اور مظالم پر بھی خاموشی اختیار کی اور اس ادارے کی سرپرستی کی جس نے کراچی کے شہریوں سے اربوں روپے ناجائز طو ر پر وصول کیے ۔

جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے نہ صرف عوا م کی خدمت کرتے ہیں بلکہ اسلام اور دین کے خلاف سازشوں اور کوششوں کو بھی ناکام بنانے کی جدوجہد کرتے ہیں ۔ سندھ اسمبلی کے اندر جب تبدیلی مذہب کے حوالے سے اسلام مخالف بل منظور ہوا تو اسمبلی کے اندر سے حکومت اور اپوزیشن سمیت کسی ایک نمائندے نے بھی آواز نہیں اٹھائی اگر جماعت اسلامی کے نمائندے ہوتے تووہ ضرور آواز اٹھاتے ۔

ہم نے اسمبلی کے باہر احتجاج کیا اور عوامی احساسات و جذبات کی ترجمانی کی ۔ ظہور احمد جدون نے کہا کہ جماعت اسلامی کے نمائندوں نے ماضی میں عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان کے دور میں ایڈمن سوسائٹی اور اس سے ملحق آبادیوں کے لیے جدوجہد کی ہے اور ان کے لیے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے لیکن ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے علاقے کے عوام کو ہمیشہ مایوس کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اٹھنا ہوگا اور عوام کے اتحاد و یکجہتی سے ہی انقلاب اور حقیقی تبدیلی آئے گی ۔ عمران سعید باغپتی نے کہا کہ ایڈ من سوسائٹی میں جماعت اسلامی کی کامیابی کا سفر برسوں پر محیط ہے اور یہ سفر ان شاء اللہ آئندہ بھی جاری رہے گی ۔