سندھ پولیس کے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا ،ڈی آئی جی سکھرکیپٹن (ر) فیروز شاہ

جمعرات 22 جون 2017 23:43

سکھر۔22جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سکھر کیپٹن(ر) سید فیروز شاہ نے کہاہے کہ لوگوں کے جان ومال کے تحفظ اور فرائض کی ادائیگی کی لیے جانیں دینے والے سندھ پولیس کے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا ان کا خاندان آج بھی سندھ پولیس کاحصہ ہے، پولیس ترجمان فرحان سرور کے جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ایس ایس پی سکھر محمد امجد شیخ کے ہمراہ کچھ عرصہ قبل ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونے والے باگڑجی تھانے کے ایس ایچ او سید سبحان شاہ کی بیوہ کو سندھ پولیس کی جانب سے ان کے معاوضے کی رقم پچاس لاکھ روپے کا چیک دینے کے موقع پر کہی۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی سکھر نے مزید کہا کہ اپنے شہید ساتھیوں کے لواحقین کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہم سب کا فرض بنتا ہے اور ہمیں اس فرض سے کبھی پیچھے نہیں ہٹنا چاہیئے ہماری ہر ممکن کوشش ہونی چاہئیے کہ جتنی ہوسکے شہید کے لواحقین کی مدد کریں اس سلسلے میں ان کے دفتر اور یہاں تک کہ گھر کے دروازے بھی ہر وقت کھلے ہیں شہید اہلکاروں کے لواحقین کو کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو اس کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لاکھوں روپے کی رقم شہید کے لواحقین کے دکھوں کا مداوا تو نہیں کرے گی مگر انہیں درپیش مسائل میں کمی ضرور واقع ہوگی ڈی آئی جی سکھر نے اس موقع پر سکھر رینج پولیس کے شہید اہلکاروں کے لواحقین کو اپنی جانب سے عیدی بھجوائی ۔

متعلقہ عنوان :