Live Updates

مریم اورنگزیب کی میڈیا سے گفتگو کے دوران تحریک انصاف کے رہنمائوں کی روسٹرم چھیننے کی کوشش ،پی ٹی آئی کی خواتین کی ساتھی وکلا کے ہمراہ مریم اورنگزیب سے تکرار، وزیرمملکت اطلاعات ڈٹ گئیں

پولیس کی مداخلت پر پی ٹی آئی کارکنان اور ساتھی وکلا کو ہٹنا پڑا واقعہ کے باجود مریم اورنگزیب کا بڑے پن کا مظاہرہ ،انتظامیہ کو روسٹرم ہٹانے سے منع کر دیا اپوزیشن کو بات کرنے دی جائے، وزیر مملکت اطلاعات کی سٹاف کو ہدایت پی ٹی آئی بلوہ پارٹی ہے ، صحافی برادری کی شکرگزار ہیں کہ آج وہ پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی کے سامنے ڈھال بن گئے ، اہل صحافت نے ہمیشہ حق ، سچ اور جمہوریت کا ساتھ دیا، مریم اورنگزیب کی سرکاری ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 22 جون 2017 23:41

مریم اورنگزیب کی  میڈیا سے گفتگو کے دوران تحریک انصاف کے رہنمائوں کی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کی سپریم کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران تحریک انصاف کے رہنمائوں نے روسٹرم چھیننے کی کوشش کی اورتحریک انصاف کی خواتین نے ساتھی وکلا کے ہمراہ مریم اورنگزیب سے تکرار کی تاہم وزیر اطلاعات ڈٹ گئیں اورپیچھے ہٹنے سے انکار کردیا ،پولیس کی مداخلت پر پی ٹی آئی کارکنان اور ساتھی وکلا کو ہٹنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سپریم کورٹ کے باہر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کررہی تھیں جسے ملک بھر میں سرکاری اور نجی میڈیا پر براہ راست دکھایا جارہاتھا کہ اس دوران اچانک تحریک انصاف کی رہنما وہاں آن پہنچیں اور گفتگو میں خلل ڈالنے کے ساتھ ساتھ تلخ کلامی بھی کی ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کا ایک کارکن زبردستی ڈائس کے سامنے آ گیا ۔

تحریک انصاف کی خواتین رہنمائوں نے ساتھی وکلا کے ہمراہ مریم اورنگزیب سے تکرار کی تاہم وزیر اطلاعات ڈٹ گئیں اور انہوں نے پی ٹی آئی کی رہنمائوں کو اس اقدام سے گریز کی ہدایت کی ۔اس دوران پولیس نے بھی مداخلت کی اور میڈیا کے نمائندوں نے بھی وزیر مملکت کی حمایت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنمائو ں کو پیچھے ہٹنے اور مریم اورنگزیب کو گفتگو جاری رکھنے کاکہاجس کے بعد پولیس کی مداخلت پر پی ٹی آئی کارکنان اور ساتھی وکلا کو ہٹنا پڑااور، مریم اورنگزیب نے وقفے کے بعد دوبارہ گفتگو کی ۔

اس دوران وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف بلوہ اور ڈرامہ پارٹی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حملہ اور حراساں کرکے مرضی کے فیصلے نہیں لیے جاسکتے تحریک انصاف کا یہ کیسا رویہ ہے کہ ہر جگہ حملہ کرتے ہیں میڈیا واقعے کا جائزہ لے،کیا ایسا رویہ قابل قبول ہی تحریک انصاف یہ سمجھتی ہے کہ اونچا بول کر ڈرا دیگی ،ایسا نہیں ہوسکتا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ جس نے غنڈہ گردی کرنی ہے وہ بنی گالہ جاکر کرے ،نظریاتی جماعتوں سے ایسی جماعت میں جانیوالوں پر افسوس ہی کیا جاسکتا ہے تحریک انصاف کوئی جمہوری جماعت نہیں۔

تحریک انصاف نے جوالزام لگایا کوئی بھی ثبوت نہیں لاسکی۔ ذرائع کے مطابق اس واقعہ کے باجود مریم اورنگزیب کی جانب سے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کے بعد انتظامیہ کو روسٹرم ہٹانے سے منع کر دیا اور کہاکہ روسٹرم کو یہیں موجود رہنے دیا جائے اور اپوزیشن کو بات کرنے دی جائے ۔ وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے سٹاف کو ہدایت کی کہ و ہ ڈائس مت ہٹائیں۔

دریں اثناء سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں وزیر مملکت اطلاعات نے کہاکہ وہ صحافی برادری کی شکرگزار ہیں کہ آج وہ پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی کے سامنے ڈھال بن گئے ، اہل صحافت نے ہمیشہ حق ، سچ اور جمہوریت کا ساتھ دیا ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج تحریک انصاف کے بلوائیوں کی قابل مذمت غنڈہ گردی صحافیوں نے دیکھ لی ، تحریک انصاف نے اب اداروں کے بعد افراد پر حملوں کی مجرمانہ سرگرمیاں شروع کردی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے شائستگی کا کلچر ختم کر کے بدنمارویوں کی منفی روایت قائم کی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہمیشہ سے میںنہ مانوں کی رٹ غیر مناسب ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات