آر آئی یو جے زیراہتمام مختلف نجی ٹی وی چینلز کے کارکنوں پر وحشیانہ تشدد، ایف آئی آر کے عدم اندراج اور دہشت گردوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 22 جون 2017 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2017ء)راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام مختلف نجی ٹی وی چینلز کے کارکنوں پر وحشیانہ تشدد، ایف آئی آر کے عدم اندراج اور دہشت گردوں کی عدم گرفتاری کے خلاف جڑواں شہروں کے صحافیوں کا اہل خانہ اور بچوں کے ہمراہ نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، احتجاجی مظاہرے کی قیادت پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کی۔

مظاہرے میں اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر خواتین، بچوں اور صحافی مظاہرین نے مختلف پوسٹر اور بینر اٹھا رکھے تھے۔ جن پر نعرے درج تھے کہ ’’زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، سماء ٹی وی کے کارکنوں پر تشدد کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے، پنجاب کے وزیرقانون رانا ثناء اللہ کے رشتہ دار قانون سے بالاتر کیوں ، نوازشریف جواب دو، ظلم کا حساب دو، وزیراعلیٰ پنجاب رانا ثناء کے عزیز وی سی فیصل آباد کے خلاف کارروائی کرو‘‘ سمیت مختلف نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھ اٹھا کر عہد کیا کہ اگر 24 گھنٹوں کے اندر سماء ٹی وی، دن ٹی وی، اے آر وائی نیوز، دنیا ٹی وی، چینل 24 کے کارکنوں پر تشدد کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کی کال پر پارلیمنٹ ہائوس، وزیراعظم ہائوس یا وزیراعظم سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے حکمرانوں کو ڈیڈ لائن دی کہ 24 گھنٹوں کے اندر سماء ٹی وی کے کارکنوں پر تشدد کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج نہ کی گئی تو پی ایف یو جے، ایف ای سی کی مشاورت سے وزیراعظم ہائوس کی طرف مارچ کا اعلان کر سکتی ہے۔

انہوں نے اسی طرح دن ٹی وی، دنیا ٹی وی، اے آر وائی نیوز اور چینل 24 کے کارکنوں پر تشدد کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ اس ملک کے صحافیوں کو بھی احساس ہو کہ حکمران میڈیا پر تشدد میں ملوث نہیں اور حملہ آور قانون سے بالاتر نہیں۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ صحافیوں پر تشدد انتہائی افسوسناک ہے۔

حملہ آور جتنے بھی طاقتور کیوں نہ ہوں انہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جانا چاہئے۔ آر آئی یو جے کے جنرل سیکرٹری علی رضا علوی نے کہا کہ ملک میں غریب اور امیر کے لئے قانون الگ الگ ہیں۔ میڈیا ملک اور قوم کا آئینہ ہوتا ہے اس آئینے کو توڑ کر حالات درست نہیں کئے جا سکتے۔ اپنے چہرے پر لگی کالک کو صاف کرنا ضروری ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایف یو جے کی کال پر ہراول دستہ کا کردار ادا کریں گے۔ احتجاجی مظاہرے میں نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم، سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلوں، فنانس سیکرٹری اسحاق چوہدری، آر آئی یو جے کے قائم مقام صدر ناصر ہاشمی، فنانس سیکرٹری اصغر چوہدری، نائب صدر صغیر چوہدری، طارق ورک سمیت متعدد عہدیداران، سینکڑوں کارکنوں، ان کے بچے اور خواتین بھی شریک تھیں۔