زرعی مداخل ادویات اور کھاد میں ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،منظورچانڈیہ

جمعرات 22 جون 2017 23:37

خانیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو منظور خان چانڈیہ کی زیر صدارت ضلعی زرعی ٹاسک فورس سب کمیٹی اور ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی خانیوال کا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع سردار جمیل احمد خان نے کاشت کاروں کو زرعی مداخل کی بہترین کوالٹی اور بروقت فراہمی کے لیے محکمہ زراعت توسیع کی طرف سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔

اے ڈی سی آر منظور خان چانڈیہ نے ہدایت کی کہ زرعی مداخل ادویات اور کھاد میں ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے پولیس کو بھی ہدایت کی کہ وہ ملاوٹ مافیا کے خلاف کاروائی کے لیے محکمہ زراعت کا بھر پور ساتھ دیں۔بعد ازاں ڈی ڈی زراعت سردار جمیل احمد نے ضلعی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں محکمہ زراعت کی کارکردگی اور کاشت کاروں کی فلاح و بہبود کے لیے کئے گئے اقدامات کے بارے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کاشت کار نمائندوں نے تائید کی کہ محکمہ زراعت توسیع کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور رہنمائی کر رہا ہے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے محکمہ زراعت کے حکام کو ہدایت کی کہ کپاس کی فصل کی بہترین پیداوار کے لیے کاشت کاروں کو بھرپور رہنمائی کریں تاکہ اسکے سو فیصد اہداف کو یقینی بنایا جا سکے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں اے ڈی رنا مقصود احمد ، لیاقت علی گوندل ، ڈاکٹر منظور احمد گل سمیت نمائندگان بنک اور کاشتکاروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔