خانیوال،سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کر دیا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 22 جون 2017 23:37

خانیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء)ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے عاری ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لیے محکمہ صحت میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کر دیا گیا ہے اب ڈاکٹروں کا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ وہ اپنی ڈیوٹی خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہو کر سر انجام دیں تاکہ عوام سرکاری ہسپتالوں میں حقیقی معنوں میں ریلیف حاصل کر سکیں ۔

انہوں نے یہ بات تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہانیاں کے اچانک معائنہ کے دوران کہی اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جہانیاں عمران عصمت ، اے ڈی سی جی افتخار علی ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر صدیق ثاقب سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے ہسپتال کے معائنہ کے دوران مرمت اور تزئین و آرائش کے کام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور جاری ترقیاتی کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کمپیوٹر لیب اور لیبر روم بھی گئے انہوں نے اس موقع پر ہدایت کی کہ کمپیوٹر لیب میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کیا جائے تاکہ سرکاری امور کی انجام دہی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ انہوں نے سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں شام کے اوقات میں ایک وومن میڈیکل آفیسر کی ڈیوٹی لازمی ہونی چاہیے ۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے رات گئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانیوال کا بھی اچانک معائنہ کیا اور وہا ں پر ڈاکٹروں سمیت دیگرعملہ کی ڈیوٹی چیک کی ۔