قومی معیشت بیرونی قرضوں کے سہارے چل رہی ہے ،لیاقت بلوچ

سود کی لعنت اور کرپشن کے سرطان کی وجہ سے معیشت زبوں حالی کا شکار ہے عوام غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، لاقانونیت کے ہاتھوں ایڑیاں رگڑنے پر مجبو ر ہیں،قائمقام امیر جماعت اسلامی

جمعرات 22 جون 2017 23:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2017ء) قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ قومی معیشت بیرونی قرضوں ، سود کی لعنت اور کرپشن کے سرطان کی وجہ سے زبوں حالی کا شکار ہے، کرپشن کا زہر انفرادی ، اداروں ، حکومتی اختیارات میں سرایت کر گیاہے، احتساب اور موثر احتساب کے سخت اپریشن سے ہی کرپشن کا خاتمہ اور قومی معیشت کی بحالی ممکن ہے وگرنہ عوام غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، لاقانونیت کے ہاتھوں ایڑیاں رگڑنے پر مجبور رکھے جائیں گے ۔

شادباغ اور کوٹ خواجہ سعید میں تاجروں کے زیراہتمام افطار ڈنر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل مندی سے چھوٹے سرمایہ کار ڈوب گئے ہیں ۔ اسٹاک مارکیٹ کا دھندا مصنوعی ہے ا س میں بڑی مچھلیاں چھوٹی مچھلیوں کو ہڑپ کر جاتی ہیں ۔

(جاری ہے)

قومی اور عالمی معاشی ماہرین پر مشتمل ٹاسک فورس پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سارے کاروبار ی عمل کو حقائق اور سچائی پر لانے کے اقدامات کر ے یہ امر واضح ہے کہ حکومتی سرپرستی میں اسٹاک مارکیٹ پر تیزی کا مصنوعی غلاف چڑھا یا ہواہے ۔

دریں اثنا لیاقت بلوچ نے جے آئی یوتھ کے وفد سے ملاقات میں کہاہے کہ نوجوان ہی ملک و ملت کا مستقبل ہیں ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے ملک بھر کے نوجوانوں میں محبت اور ٹیم ورک کا نیا ولولہ دیاہے ۔ نوجوان پاکستان اور اسلام سے والہانہ محبت رکھتے ہیں ۔ نوجوانوں کو ہی آئندہ انتخابات میں اہل اور دیانتدار قیادت کے انتخاب میں فیصلہ کن جنگ لڑنا ہے اور جیتنا ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ ماہ رمضان میں نیک اعمال بڑے نفع اور برے اعمال اللہ کی ناراضگی کا باعث بنتے ہیں ۔ ہر فرد کے اچھے اور برے اعمال ا س کے اپنے لیے ہی نتائج لاتے ہیں ۔ پوری زندگی کو اللہ کے احکامات کے تابع کرنا ماہ رمضان کی تربیت کا اولین مقصد ہے۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے چوہدری محمد شوکت نے بھی خطاب کیا ۔