فلسطین فاونڈیشن کے زیر اہتمام مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف تصویری نمائش کا آغاز

جمعرات 22 جون 2017 23:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2017ء) فلسطین فاونڈیشن کے زیر اہتمام مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف ایم اے جناح روڈ پر 2 روزہ تصویری نمائش کا آغاز ہوگیا، تصویری نمائش کا افتتاح ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا نے کیا اور کہا کہ اہلیان کراچی مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں، شہر قائد کے غیور عوام کل القدس ریلی میں بھرپور انداز میں شرکت کریں، افتتاحی تقریب کے موقع پر متحدہ رکن سندھ اسمبلی میجر (ر) قمر عباس،پی ایل ایف کے مرکزی سیکریٹری جنرل صابر ابو مریم، ڈاکٹر عالیہ امام،تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی، اسرار عباسی، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو ، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما مولانا مرزا یوسف حسین، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما یونس بونیری، جمعیت علمائے پاکستان سندھ کے صدر علامہ سید عقیل انجم قادری، متحدہ علماء محاذ کے صدر علامہ امین انصاری، عبد القیوم،ازہر علی ہمدانی، عنبر حسین، مطلوب اعوان،عالمگیر خان سمیت دیگر سیاسی و مذہبی رہنما شریک تھے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین امت مسلمہ کا اہم ترین مسئلہ ہے، فلسطینیوں کی آزادی کیلئے تمام دنیا کو کوشش کرنی چایئے۔ انہوں نے کہا کہ اہلیان کراچی مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں، شہر قائد کے غیور عوام کل مرکزی القدس ریلی میں بھرپور انداز میں شرکت کریں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ایل ایف کے مرکزی سیکریٹری جنرل صابر ابو مریم نے کہا کہ 2 روزہ تصویری نمائش کا مقصد فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف عوام میں آگہی و شعور بیدار کرنا ہے، تصویری نمائش کل نمائش تا تبت سینٹر نکالی جانے والی مرکزی القدس ریلی تک جاری رہے گی۔

افتتاح کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی،نمائش میں بیت المقدس ،غزہ سمیت شہدائے فلسطین اور اسرائیلی جارحیت و ظلم و بربیت سے متعلق تصاویررکھی گئی ہیں، جس میں عوام خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :