ڈپٹی کمشنرکا نئی غلہ منڈی پراجیکٹ کی سکیموں کا دورہ

جمعرات 22 جون 2017 23:21

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء)ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سقراط امان رانا نے نئی غلہ منڈی پراجیکٹ کی تمام سکیموں کا از خود جائزہ لینے کے لئے موقع کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے نئی ماڈل غلہ منڈی میں جاری مختلف سکیموں کی پیشرفت اور معیار کا جائزہ لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عدنان خان بھٹانی، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی مخدوم بشارت حسین ہاشمی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا، چیئرمین مارکیٹ کمیٹی، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی، چوہدری محمد شفیق، صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی چوہدری جاوید ارشاد، جنرل سیکرٹری شکیل یوسف، چوہدری عبدالجبار ورک سمیت دیگر موجو دتھے۔

ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے محکمہ پرونشل بلڈنگ کے افسران کو ہدایت کی کہ نئی غلہ منڈی کی چار دیواری از سر نو تعمیر کی جائے جبکہ محکمہ ہائی ویز سڑکوں کی توسیع اور انہیں کارپٹ کرنے کے لئے فوری اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جنرل سیکرٹری انجمن آڑھتیاں شکیل یوسف کی جانب سے آڑھتی برادری کی ضروریات سے متعلق دی جانے والی بریفنگ سے اتفاق کرتے ہوئے ہدایت کی کہ نئی غلہ منڈی میں سیکورٹی کیمرے، فائر فائٹنگ سسٹم، خار دار تاریں، پارکنگ شیڈ، فارمرز کنونشن سنٹرز سمیت دیگر کی تعمیر سے قبل متعلقہ محکموں سے تجاویز طلب کی جائیں اور ان تجاویز کی روشنی میں فوری طور پر تمام سکیموں پر کام شروع کر دیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ نئی غلہ منڈی کے تما م کام کو رواں مالی میں شامل کیا جائے ۔اس موقع پر محکمہ بلڈنگ، ہائی ویز، مارکیٹ کمیٹی اور انجمن آڑھتیاں کی جانب سے ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا کو بریفنگ دی گئی۔