مضرصحت مٹھائیاں تیار کرنے والوں پر کریک ڈائون، 3پروڈکشن یونٹ سیل،1880کلومٹھائی تلف

وحدت روڈ پر عریبین ڈیلائٹ پروڈکشن یونٹ میں چیکنگ کے دوران گندے فرش پر رکھی مٹھائیوں سے کاکروچ اور کیڑے مکوڑے برآمد فوڈ اتھارٹی کی فوری کارروائی عریبین ڈیلائٹ پروڈکشن یونٹ سیل،640کلو مضرصحت مٹھائی اور کھویا وغیرہ تلف کر دیا گیا راولپنڈی میں ولی بیکرز اور الفلاح بیکرز کے پروڈکشن یونٹ سیل، 1240کلو مضرصحت مٹھائی اور 680کلوخام مال وغیرہ تلف عید تک ناقص مٹھائیاں تیار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون پوری طاقت سے جاری رہے گا‘ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل

جمعرات 22 جون 2017 23:18

مضرصحت مٹھائیاں تیار کرنے والوں پر کریک ڈائون، 3پروڈکشن یونٹ سیل،1880کلومٹھائی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2017ء) ناقص مٹھائیاں تیار کرنے والوں کے خلاف فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈائون شروع۔ تین فیکٹریاں سیل۔ 1880کلومضرصحت مٹھائی اور 680کلو خام مال تلف کر دیا گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبہ بھر میں مضرصحت اجزاء سے مٹھائیاں تیار کرنے والے کارخانوں کو وارننگ جاری کی تھی۔ وارننگ کی مدت ختم ہونے پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کی سربراہی میں فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں کریک ڈائون شروع کر دیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے راولپنڈی گنج منڈی میں ولی بیکرز اور روالپنڈی ہی کے دوسرے علاقے کبیر خان روڈ پر الفلاح بیکرز کے پروڈکشن یونٹ پر چھاپہ مارا جہاں سویٹس کی تیاری کے لئے ناقص اور مضرصحت خام مال برآمد ہوا۔

(جاری ہے)

ولی بیکرز اور الفلاح بیکرز سی1240کلوگرام ناقص مٹھائی اور 680کلوگرام خام مال برآمدہوا، جسے فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔

الفلاح بیکرز اور ولی بیکرز کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اجزاء کے استعمال نہ کرنے پر اور صفائی وغیرہ کے ناقص انتظامات پر تین بار وارننگ جاری کی گئی۔ فالواپ وزٹ میں مضرصحت غذائی اجزاء برآمد ہونے اور ناقص صفائی کی صورتحال پر دونوں فیکٹریوں کو سیل کر دیا گیا۔ ادھر لاہور میں وحدت روڈ پر عریبین ڈیلائٹ کے پروڈکشن یونٹ پر چھاپہ مارا گیا جہاں گندے فر ش پر رکھی تیار مٹھائی میں سے کاکروچ اور کیڑے مکوڑے برآمد ہوئے جبکہ مٹھائی کی تیاری میں بھی ناقص اجزاء استعمال کئے جا رہے تھے۔

فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے فوری طور پر فیکٹری کو سیل کر دیا اور 240کلومضرصحت مٹھائی ، 400کلو ناقص اجزاء سے تیار کردہ کھویا وغیرہ فوری طور پر تلف کر دیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے بتایا کہ صوبہ بھر میںمضرصحت مٹھائیاں اوردیگر خوردنی اشیاء تیار کرنے والوں کے خلاف مہم عید تک جاری رہے گی۔ صحت اور صفائی کے امور پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے وارننگ دی کہ مٹھائیاں بنانے والے ادارے ناقص غذائی اجزاء کا استعمال ترک کر دیں اور پروڈکشن یونٹس میں حفظان صحت کے اصولوں پر عملدرآمد کا اہتمام کیا جائے۔