جمعة الوداع اور یوم القدس کے اجتمات کی سیکورٹی فول پروف بنائی جائے،صوبائی وزیر داخلہ سندھ

صوبائی وزارت داخلہ کی جانب سے صوبے بھر کی تمام مساجد، مزارات اور امام بارگاہوں کی سیکورٹی فول پروف کرنے اور نفری بڑھانے کی ہدایات جاری

جمعرات 22 جون 2017 23:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2017ء) صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے جمعة الوداع کے موقع پر صوبے بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا حکم دیا ہے۔ترجمان وزیر داخلہ سندھ کے مطابق ماہ رمضان کے آخری نماز جمعہ کے موقع پر صوبائی وزیر داخلہ نے صوبے بھر کی تمام مساجد، مزارات اور امام بارگاہوں کی سیکورٹی فول پروف کرنے اور نفری بڑھانے کی ہدایات جاری کی ہیں،جس کے تحت تما م مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچاو کے لئے اسپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی اپنی خدمات سر انجام دے گا۔

ترجمان کے مطابق جمة الوداع کے موقع پر امن و امان کی صورت کو قابو میں رکھنے کے لئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت تمام زونل ڈی آئی جیز اور سندھ رینج کے تمام ڈی آئی جیز کو حکم دیا گیا ہے کہ ان کی حدو د میں واقع تمام مساجد کاتحفظ و تقدس یقینی بناتے ہوئے مزید نفری تعینات کی جائے اور گشت کے اوقات میں اضافے کے ساتھ ساتھ اسنیپ چیکنگ اور پکٹنگ کا عمل بھی تیز کیا جائے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزارت داخلہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ یوم القدس کی مناسبت سے منعقدہ ریلیوں اور جلوسوں کی بھی کڑی نگرانی اور تلاشی کا حکم دیا گیا ہے اور بڑی تعداد میںیونیفارم اور سادہ لباس اہلکار یوم القدس کے حوالے سے اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں گے۔ وزیر داخلہ سندھ کے ترجمان نے واضع کیا کہ سندھ حکومت صوبے میں امن و امان کی مستقل فضا کے قیام کے لئے تمام وسائل و اسباب کو بروئے کار لارہی ہے اور عوام کی سہولت کے پیش نظر جمعةالوداع کے موقع پر ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لئے بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

ترجمان وزیر داخلہ سندھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ یوم القدس کے جلوسوں اور جمةالوداع کے اجتمات کے موقع پر مشکوک سامان اور افراد پر کڑی نگاہ رکھیں اور کسی بھی شک کی صورت میں فوری طور پر پولیس مددگار 15،قریبی پولیس اسٹیشن یا وزارت داخلہ کمپلین سینٹر کے ٹیلیفون نمبرز 99207744-88پر اطلاع کی جائے۔

متعلقہ عنوان :