پنجاب کے سکولوں میں بچوں کیلئے میلز پروگرام کے اجراء اور سکولزبیگز کی فراہمی کے پروگرامز کی منظوری

صوبے میں خادم پنجا ب سکول سواری پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ،بچوں کو مفت ٹرانسپورٹ دینگے ،شہبازشریف میلز پروگرام کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز مظفرگڑھ اورلیہ سے کیا جائے گا، سکولوں میں فنی تعلیم متعارف کرانے کا پروگرام ، آٹھویں سے دسویں جماعت تک ٹیکنیکل ایجوکیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے،چولستان کے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے غرض سے یہاں فنی تعلیم کے ادارے بھی قائم کرنا ہونگے،وزیراعلیٰ

جمعرات 22 جون 2017 23:04

پنجاب کے سکولوں میں بچوں کیلئے میلز پروگرام کے اجراء اور سکولزبیگز ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاںاعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،تین گھنٹے طویل اجلاس کے دوران صوبے میں فروغ تعلیم کیلئے جاری پروگراموں پر پیش رفت اور چولستان کے تعلیمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میںپنجاب کے سکولوں میں بچوں کیلئے میلز پروگرام کے اجراء کی منظوری دی گئی جبکہ سکولوں کے بچوں کو سکولزبیگز کی فراہمی کے پروگرام کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں صوبے میں خادم پنجا ب سکول سواری پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں میں بچوں کیلئے میلز پروگرام کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز مظفرگڑھ اورلیہ کے اضلاع سے کیا جائے گااوراس پروگرام کے تحت بچوں کوانرجی بسکٹ اوردودھ کے پیکٹ دئیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پروگرام پر عملدر آمد کیلئے فول پروف میکانزم بنایا جائے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خادم پنجا ب سکول سواری پروگرام کے تحت سکولوں میں بچے اور بچیوں کو آمدورفت کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولت مفت حاصل ہو گی اور دوردراز علاقوں کے بچے و بچیوں کواس پروگرام سے بے پناہ فائدہ ہوگااور فروغ تعلیم کے حوالے سے یہ پروگرام گیم چینجرثابت ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے چھ اضلاع سے اس پروگرام کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے جامع پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے ۔انہوںنے کہا کہ صوبے کے سکولوں میں فنی تعلیم متعارف کرانے کا بھی پروگرام بنایا گیا ہے اور اس پروگرام کے تحت آٹھویں سے دسویں جماعت تک ٹیکنیکل ایجوکیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کیلئے 39سکولوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔انہوںنے کہا کہ چولستان کی100 فیصد بچوں اور بچیوں کو تعلیم کیلئے سکولوں میں لانا ہے اور چولستان میں تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے روایتی طریقوں سے ہٹ کر جدت کیساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔

چولستان کے تعلیمی پروگراموں میں مقامی این جی اوز کو شامل کرکے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں چولستان کے ہر بچے اور بچی کو تعلیم کیلئے سکول میں دیکھنا چاہتا ہوں۔ چولستان میں موبائل سکولوں کا اقدا م اچھا ہے، موبائل سکولوں کی تعداد بڑھائی جائے۔چولستان کے بچوں اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔

انہوںنے کہا کہ چولستان کے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے غرض سے یہاں فنی تعلیم کے ادارے بھی قائم کرنا ہونگے۔وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔ کمیٹی چولستان کا دورہ کرکے وہاں فروغ تعلیم کیلئے سفارشات مرتب کرے گی۔انہوںنے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں چولستان میں فروغ تعلیم کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

چولستان میں تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مربوط انداز میں آگے بڑھنا ہے۔انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں علم کی کرنیں بکھیرنے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے ہیںاورانرولمنٹ مہم 2017-18 کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انرولمنٹ مہم کے اہداف کے حصول کیلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرائی جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے 16 اضلاع میں زیور تعلیم پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔

لاکھوں طالبات حکومت کے اس تعلیمی پروگرام سے فائدہ اٹھا رہی ہیںاور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں زیور تعلیم پروگرام کیلئے 6 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ ملک و قوم کو بنانا ہے تو محنت اورعزم سے کام کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے ۔فروغ تعلیم کیلئے جتنی بھی کاوشیں کی جائیں کم ہیں ۔تعلیم کو اہمیت دینے والی قومیں ترقی کی بلندیوں کوچھورہی ہیں۔نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم عام کرنے کیلئے تاریخ ساز فنڈزرکھے گئے ہیں ۔سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے تعلیمی پروگرام پر عملدر آمد اورآئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء رانا مشہود احمد،رضاعلی گیلانی، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن و ایم پی اے انجینئر قمر السلام ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،وائس چیئرمین پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،ماہرین تعلیم اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر کو آپریٹواقبال چنڑ،ایم پی اے اعجاز شفیع اورکمشنر بہاولپور ڈویژن ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :