کراچی ، خصوصی افراد کے مسائل کو اجاگر کرنے کے عمل میںمیڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے،ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ

ہمیں ایسے اداروں اور افراد کی ہرممکن سرپرستی کرنی چاہئے جو خصوصی افراد کو معاشرے کا کارآمد فرد بنانے کے لئے مستقل کوشاں ہیں،خطاب

جمعرات 22 جون 2017 23:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2017ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کے مسائل کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں اس حوالے سے آگاہی پیدا ہو، اس عمل کو آگے بڑھانے میں میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ ہمیں ایسے اداروں اور افراد کی ہرممکن سرپرستی کرنی چاہئے جو خصوصی افراد کو معاشرے کا کارآمد فرد بنانے کے لئے مستقل کوشاں ہیں۔

یہ بات انہوں نے شادباد ویلفیئر ایسوسی ایشن ہجرت کالونی کی جانب سے خصوصی افراد اور مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی، تقریب سے سٹی کونسل میں قائد ایوان اسلم خان آفریدی، ایسوسی ایشن کے صدر احمد یعقوب، جنرل سیکریٹری محمد گلزار اور محمد شریف اعوان نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں موجود مستحق خاندانوں کے نمائندہ افراد میں مہمان خصوصی ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ اور دیگر نے راشن اور نقد رقوم تقسیم کیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا کہ خصوصی افراد کو ایک ایسا بہتر ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے جہاں مختلف ہنر سکھا کر انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے میں ان کی ہرممکن مدد کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے پہلے سے موجود بہتر طبی اداروں میں داخل کرایا جاسکتا ہے تاکہ ان کا مکمل توجہ اور سہولت کے ساتھ علاج کیا جاسکے۔

انہوں نے علاقہ مکینوں سے کہا کہ اپنے علاقے میں موجود ایسی ڈسپنسریوں کی نشاندہی کریں جو غیر فعال ہیں ہم انہیں بہتر بنانے میں آپ کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہر میں بلاتفریق عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں یہ ہمارا شہر ہے اور ہم سب مل کر ہی اس شہر کو بہتر سے بہتر بنا سکیں گے۔#

متعلقہ عنوان :