نئی نسل تعلیم کے ذریعے ملکی تعمیروترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر سکتی ہے، بیگم ذکیہ شاہنواز

جمعرات 22 جون 2017 22:48

نئی نسل تعلیم کے ذریعے ملکی تعمیروترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) صوبائی وزیر بہبود آبادی و تحفظ ماحول بیگم ذکیہ شاہنواز نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 17ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے سولہویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ نئی نسل تعلیم پر توجہ دے کیونکہ تعلیم کے ذریعے ہی وہ ملکی تعمیروترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

قائداعظمؒ ،علامہ محمد اقبالؒ ، مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ و دیگر مشاہیرتحریک آزادی کی حیات وخدمات کا مطالعہ ضرور کریں۔بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے۔ہندو اور انگریز قیامِ پاکستان کے مخالف تھے لیکن قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانان برصغیرنے جان ومال کی لازوال قربانیوں کے بعد آزادی کی نعمت حاصل کر لی۔

(جاری ہے)

نئی نسل قائداعظمؒ ،علامہ محمد اقبالؒ ، مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ و دیگر مشاہیرتحریک آزادی کی حیات وخدمات کا مطالعہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سچ بولیں، نظم وضبط اور وقت کی پابندی کریں ، اتحاد کا عملی مظاہرہ کریں ۔ قائداعظمؒ نے ایمان ، اتحاد اور تنظیم کا درس دیا ۔ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہئے۔ ہر کام کو سنجیدگی سے کریں اور مستقل مزاجی کی عادت اپنائیں۔

ہم میں سے ہر ایک اپنی ذمہ داریوں کا احساس کر ے۔سعید آسی نے کہا کہ پاکستان 14اگست 1947ء کو معرض وجود میں آیا اور قیام پاکستان کی رات شب قدر تھی ۔ سلمان غنی نے کہا کہ نئی نسل کوتحریک پاکستان، دوقومی نظریہ ،آزادی کی خاطر دی جانیوالی قربانیوں اور قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے۔ علاوہ ازیں جناح ہسپتال کے ڈاکٹر مبشر منیر، ڈاکٹر راشد حمید، ڈاکٹر کنور نعمان، راجہ شکیل احمد ،رضیہ بشیر، آمنہ شبیرپر مشتمل میڈیکل ٹیم نے بچوں کا طبی معائنہ کیا اور انہیں اپنی صحت بہتر بنانے کیلئے مفید مشورے دیے۔ آخر میں طلبا و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :