کوہاٹ،محکمہ انسداد دہشت گردی کی کارروائی ،لاچی پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

جمعرات 22 جون 2017 22:16

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2017ء) کوہاٹ میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے کاروائی کرتے ہوئے لاچی پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔گرفتاری کے بعدزیر حراست ملزم کو تفتیش کیلئے سخت سیکیورٹی میںنامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)کوہاٹ ڈویژن نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کاروائی کرتے ہوئے لاچی پولیس وین پر فائرنگ اور ایس ایچ او سمیت چار اہلکاروں کے قتل کے واقعہ میں ملوث ملزم ایاز ولد شہزاد ساکن ہنگو کو گرفتار کرلیا ۔

ملزم کو ٹل کے علاقے سے حراست میںلیا گیا ہے جو وقوعہ کے بعد سے روپوش تھا۔گرفتار ملزم کو انسداد دہشتگردی کوہاٹ کی عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے بعدتفتیش کیلئے سخت سیکیورٹی میں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان سے واقعہ کے متعلق پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اس کاروائی کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسودنے کاروائی میں حصہ لینے والی سی ٹی ڈی ٹیم میں شامل اہلکاروں کیلئے نقد انعامات اور توصیفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ 20مئی کی رات کو لاچی کے علاقہ محسن خیل میںتھانہ لاچی پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ لاچی خان اللہ ،ایڈیشنل ایس ایچ او طاہر محمود،ہیڈ کانسٹیبل تنویر حسین اور کانسٹیبل عابد خان شہید ہوگئے تھے اور واقعہ کی ایف آئی آر تھانہ سی ٹی ڈی کوہاٹ ڈویژن میں درج کرلی گئی تھی۔تاہم بعد ازاں واقعہ میں ملوث ملزمان کا کھوج لگاتے ہوئے انکے خلاف بھر پور کاروائیوں کا آغاز کردیا گیا اور گزشتہ دنوںبھی حملہ آوروں کا ایک ساتھی انعام اللہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ تبادلہ میں ماراجاچکا ہے ۔

متعلقہ عنوان :