ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چکوال نے دو میڈیکل سٹور مالکان کے مقدمات ڈرگ کورٹ کو بھیجنے کا حکم دیدیا

جمعرات 22 جون 2017 22:11

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2017ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چکوال شجاع قطب بھٹی نے دو میڈیکل سٹور مالکان کے مقدمات ڈرگ کورٹ کو بھیجنے کا حکم دیدیا۔ اس امر کا فیصلہ جمعرات کے روز ڈی سی آفس میں ان کی صدارت میں ہونے والے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں د س میڈیکل سٹور مالکان کے مقدمات پیش کیے گئے جن پر بغیر لائسنس، بغیر وارنٹی اور غیر رجسٹرڈ ادویات رکھنے، کوالیفائیڈ پرسن کے نہ ہونے ادویات کا ریکارڈ نہ رکھنے جیسے الزامات تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب میڈیکل سٹوار مالکان کو بلا کر فرداً فرداً ان کا موقف سنا گیا اور کوالٹی کنٹرول بورڈ کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں دو میڈیکل سٹور مالکان کے مقدمات ڈرگ کورٹ بھیجنے، تین کو وارننگ جاری کرنے اور پانچ میڈیکل سٹور مالکان کو اگلی پیشی پر حاضر ہونے کے احکامات جاری کیے گئے۔ اے ڈی سی جی نے کولٹی کنٹرول بورڈ ار ڈرگ انسپکٹر صاحبان کو واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈرگ ایکٹ پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کیخلاف کریک ڈائون جاری رکھا جائے۔