بھارتی جاسوس کلبوشن یادیو نے اپنی سزائے موت کیخلاف آرمی چیف سے رحم اپیل کر دی

ملٹری اپیلیٹ کورٹ پہلے ہی اسکی اپیل مسترد کرچکی ہے،کلبوشن یادیو کی طرف سے دہشتگردانہ سرگرمیوں کے اعتراف پر مبنی دوسری ویڈیو بھی جاری کر دی گئی ، آئی ایس پی آر

جمعرات 22 جون 2017 22:10

بھارتی جاسوس کلبوشن یادیو نے اپنی سزائے موت کیخلاف آرمی چیف سے رحم ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2017ء) بھارتی جاسوس کلبوشن یادیو نے اپنی سزائے موت کیخلاف آرمی چیف سے رحم اپیل کر دی، ملٹری اپیلیٹ کورٹ پہلے ہی اسکی اپیل مسترد کرچکی ہے،کلبوشن یادیو کی طرف سے دہشتگردانہ سرگرمیوں کے اعتراف پر مبنی دوسری ویڈیو بھی جاری کر دی گئی ہے تاکہ دنیا کو معلوم ہو سکے کہ بھارت نے پاکستان کیخلاف کیا کچھ کیا ہے اور کیا کر رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی جاسوس کلبوشن یادیو نے اپنی سزائے موت کیخلاف آرمی چیف سے رحم اپیل کی ہے ۔ بھارت کے حاضر سروس نیوی آفیسر کلبوشن یادیو کو پاکستان میںجاسوسی تخریب کارانہ اور دہشتگردانہ سرگرمیوں کے اعتراف پر موت کی سزا سنائی گئی تھی ۔ اپنی اپیل میں کلبوشن یادیو نے اپنی کارروائیوں کے نتیجہ میں متعدد معصوم انسانی جانوں کے ضیاع اور املاک کے بھاری نقصان پر ندامت کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

کلبوشن یادیو نے اس سے قبل ملٹری اپیلیٹ کورٹ میں بھی اپیل دائر کی تھی جسے مسترد کر دیا گیا ۔ قانون کے تحت وہ آرمی چیف سے رحم کی اپیل کر سکتا تھاجو اس نے کر دی ہے ۔ اگر آرمی چیف کی طرف سے یہ اپیل مسترد کر دی جائے تو پھر صدر مملکت کے نام اپیل کی جاسکتی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق کلبوشن یادیو کی طرف سے دہشتگردانہ سرگرمیوں کے اعتراف پر مبنی دوسری ویڈیو بھی جاری کر دی گئی ہے تاکہ دنیا کو معلوم ہو سکے کہ بھارت نے پاکستان کیخلاف کیا کچھ کیا ہے اور کیا کر رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :