2015میں سی ای او پیڈو کی تقرری خالصتاًمیرٹ پر کی گئی تھی

اکبر ایوب خان حتمی تجزیئے میں سرفہرست قرار پائے گئے،چیئرمین(PEDO)

جمعرات 22 جون 2017 21:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2017ء) خیبر پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن(PEDO)کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین صاحبزادہ سعید احمد اور سینٹر نعمان وزیر ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ 2015میں سی ای او پیڈو کی تقرری خالصتاًمیرٹ پر کی گئی تھی جبکہ اکبر ایوب خان حتمی تجزیئے میں سرفہرست قرار پائے گئے۔

انہوں نے مزید واضح کیا کہ سی ای او کی تقرری سے متعلق پیڈو پر بعض عناصر کی جانب سے بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کو پرزور مسترد کرتے ہیں کیونکہ انکے چنائو میں ایک بہت ہی سخت عمل کی پیروی کی گئی جبکہ میڈیا میں امیدواروں کی حاصل کردہ پوزیشن کی ابتدائی رپورٹ ہی دکھائی جا رہی ہے اور اس طرح سے لوگوں کو گمراہ کرنے کیلئے غلط تاثر پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بورڈ جو سی ای او کی تقرری کے وقت سیکرٹری انرجی تھے نے مزید بتایا کہ ابتدائی شارٹ لسٹنگ کے نتیجے میں بالترتیب بورڈ کی ایچ آر کمیٹی اور پورے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے دو مراحل میں انٹرویوز لئے گئے اور اس عمل کے آخر میں اکبر ایوب خان کو سی ای او کے عہدے کے لئے بہترین امیدوار کی حیثیت سے چن لیا گیا اس لئے انہیں آئوٹ آف ٹرن سی ای او کا عہدہ دئیے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

صاحبزادہ سعید اور سینٹر نعمان وزیر نے مذکورہ تقرری کے عمل میں سیاسی مداخلت کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے میڈیاپر چلنے والی ایسی رپورٹس کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا۔دونوں ممبران نے کہا کہ اکبر ایوب خان نے متعلقہ اشتہار کی بنیاد پر اپنی درخواست جمع کرائی اور وہ اہلیت کے معیار پر مکمل طور پر پورا اترتے تھے اس لئے اس سلسلے میں کوئی بے ضابطگی یا بدعنوانی نہیں کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ بورڈ اور حکومت خیبر پختونخوا سی ای او کی حیثیت سے اکبر ایوب خان کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے انکاکیس لڑنے کے لئے تمام دستیاب قانونی ذرائع بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اکبر ایوب خان نے گزشتہ ڈھائی برسوں میں پیڈو میں بہت بہتری لائی ہے اور بورڈ ان کی کارکردگی سے بہت خوش ہے ان کی مدت کے دوران کئے گئے کام اور شروع کئے گئے پراجیکٹس بے مثال ہیں اور پورا بورڈ مکمل طور پر ان کی حمایت اور سپورٹ کرتا ہے تاکہ وہ پیڈو کو مزید مستحکم کر سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پیڈو نے گزشتہ30برسوں میں صرف105میگاواٹ پر عمل درآمد کیا جبکہ گزشتہ صرف ڈھائی برسو ںمیں2500میگا واٹ سے زائد کے پراجیکٹس پر کام شروع کیا گیا اور2700 میگا واٹ کے پراجیکٹس کی نشاندہی کی گئی جن کے فروغ کے لئے جائزہ لیا جا رہا ہے۔اس دور میں شروع کیا گیا ایک دوسرا بڑا پراجیکٹ مائیکرو ہائیڈل پروگرام’’اجالوں کا سفر‘‘ ہے جس پر تیزی سے عمل درآمد ہو رہا ہے اور اس سی10لاکھ لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

چیئرمین نے کہا کہ بورڈ نے اس امر پر تشویش ظاہر کی ہے کہ پیڈو اور خصوصاً یونین کے چند عناصر پیڈو کو ترقی اور جدید خطوط پر کام کرتے ہوئے نہیں دیکھناچاہتے کیونکہ وہ پرانے اور غیر فعال طریقوں کے عادی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور اس کی پرائیویٹ سیکٹر ٹیم ایماندار اور دیانتدار ہے اور ادارے میں چند لوگ اسے پسند نہیں کرتے اور اس وجہ سے مزاحمت دکھا رہے ہیں۔بورڈ نے واضح کیا کہ موجودہ سی ای او اکبر ایوب خان کی سربراہی میں پیڈو کو جدید خطوط پر چلانے اور اسے مزید بہتر بنانے کے سلسلے میں ہر ممکن کوشش کی جائیگی اور اس سلسلے میں کسی مزاحمت کو بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔