ڈیرہ مراد جمالی میں ہندو کمیونٹی کے لئے زمین تنگ ، بابرکت مہینے میں ایک اور ہندو تاجر لٹ گیا

مغوی وکی کمار تا حال بازیاب نہ ہوسکا، ہندو برادری خوف میں مبتلا

جمعرات 22 جون 2017 21:46

نصیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2017ء)ڈیرہ مراد جمالی میں ہندو کمیونٹی کے لئے زمین تنگ کر دی گئی، بابرکت مہینے میں ایک اور ہندو تاجر لٹ گیا،مغوی وکی کمار تا حال بازیاب نہ ہوسکا، ہندو برادری خوف میں مبتلا،سر شام کاروبار بند کر کے گھروں تک محصور، عید کے بعد نقل مقانی کی تیاریاں، پولیس خاموش تماشائی، عوام کا چوری، ڈکیتی کے وارداتوں کے خلاف احتجاج،ایس ایچ او کی تبدیلی کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق ہندو کمیونٹی کے لئے ڈیرہ مراد جمالی کی زمین تنگ ہوگئی، بس اڈے پر دن دیہاڑے ایک اور تاجر کو اسلحہ کے زور پر لوٹ لیا گیا، ماہ رمضان کے بابرکت مہینے میں پانچ ہندو تاجروں کو اسلحہ کے زور پر لوٹ لیا گیا جن کے ملزمان تا حال گرفتار نہیں کئے جا سکے، جبکہ ایک ماہ قبل اغوا برائے تاوان کے لئے اغوا کئے گئے سابق سینیٹر کا بیٹا وکی کمار تا حال بازیاب نہ ہو سکا ،وکی کمار کی عدم بازیابی پر گھر میں ماتم کا سماں ہے والدین پر غشی کے دورے ہیں جب کہ چھوٹے بہن بھائیوں نے کھانا پینا تک چھوڑ دیا،ڈیرہ مراد جمالی شہر میں چوری ڈکیتی کی وارداتیں روز کا معمول بن گئے ہیں، خاص کر ہندو کمیونٹی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے ہندو کمیونٹی میںخوف ہراس کا شکار ہے، اور سر شام اپنے کاروبار بند کر کے گھروں تک محصور ہو جاتے ہیں،اور بعض ہندو خاندانوںنے امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر عید کے بعد نقل مقانی کی تیاریاں شروع کی ہیں،چوری ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف اور اصل ملزمان کے بجائے غریب تاجروں کی گرفتاری پر عوام سراپا احتجاج ہیں،گذشتہ روز ڈیرہ مراد جمالی کے سیاسی و سماجی تنظیموں نے سٹی پولیس کی ناقص کارکردگی پراحتجاجی ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا،انھوں نے مطالبہ کیا کہ شہر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور ہندو کمیونٹی سمیت تاجر برادری اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے، ورنہ احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیں گے۔