ایس ای سی پی کی طرف سے جے آئی ٹی میں ٹمپرڈریکارڈ کی پیشی

قانون نافذکرنے والے اداروں میں اصل ریکارڈکے تحفظ سے متعلق شدیدتحفظات پیداہوگئے ایس ای سی پی کے پاس اصل ریکارڈکومحفوظ رکھنے کیلئے حکمت عملی پرغورشروع

جمعرات 22 جون 2017 21:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2017ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی )کی طرف سے جے آئی ٹی میں ٹمپرڈریکارڈپیش کئے جانے کے بعدقانون نافذکرنے والے اداروں میں اصل ریکارڈکے تحفظ سے متعلق شدیدتحفظات پیداہوگئے ہیں،سیکورٹی ایکسچینج کمیشن کے پاس موجوداصل ریکارڈکومحفوظ رکھنے کیلئے حکمت عملی پرغورشروع کردیاگیا۔

معتبر ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ محض اتفاق نہیں ہے کہ جہاں بھی قومی دولت کو بے دریغ طریقے سے لوٹا گیا وہیں پر آگ کے آسمان کو چھوتے ہوئے شعلوں میں دستاویزات کو جلتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔میٹرو پروجیکٹ میں گھپلوں کی تحقیقات کا آغاز ہوا ہی تھا کہ میٹرو ریکارڈ کو پراسرار طریقے سے آگ لگ گئی اور تمام شواہد خاکستر ہوگئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا معاملہ عدالت میں تھا اور عام تاثر یہی تھا کہ وہ دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں نہ صرف اپنی نشست کھو دیں گے بلکہ وہ ہمیشہ کیلئے سیاست سے بھی کنارہ کشی پر مجبور ہوجائیں گے۔

لیکن پھر آگ نے الیکشن ریکارڈ کو بھی اپنی لپیٹ میں لیکر ملیامیٹ کردیا سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ گردشی قرضوں کے ریکارڈ کو آگ نے آناً فاناً نگل لیا حالانکہ حکومت نے گردشی قرضوں بارے جو حقائق عوام کو بتائے وہ کچھ اور تھے اور جو جل جانے والے ریکارڈ میں تھے وہ کچھ اور تھے۔اسی طرح نندی پور پاور پروجیکٹ میں کرپشن کے حوالے سے جب میڈیا میں شور برپا ہوا تو کئی پراسرار ہاتھ نے اس ریکارڈ کو بھی آگ لگا کر ہمیشہ کیلئے معاملات صاف کردئیے اور اب رمضان شوگر ملز کے ریکارڈ کو بھی آگ لگا کر ’’کلین چٹ‘‘کا حصول یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے سب سے بڑی حیران کن بات یہی ہے کہ جس ریکارڈ سے متعلق حکومت پر انگلی اٹھی اس کو آگ نے پکڑ لیا۔سیکورٹی ایکسچینج کمیشن کا ریکارڈ جو پیش کیا گیا ہے وہ ٹمپرڈ ہے عین ممکن ہے کہ اصل ریکارڈ کو آگ لگانے والا خفیہ ہاتھ اس کے قرب وجوار میں پہنچ چکا ہو۔

متعلقہ عنوان :