لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے پانی چوری کے مقدمہ میں جمشید دستی کا مزید ریمانڈ دینے کی درخواست مسترد کردی،بھتہ خوری کے مقدمہ بھی حصول ریمانڈ پر درخواست بھی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی

جمعرات 22 جون 2017 20:25

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2017ء) لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے پانی چوری کے مقدمہ میں جمشید دستی کا مزید ریمانڈ دینے کی درخواست مسترد کردی ۔تفصیل کے مطابق ہائیکورٹ ملتان بینچ میں جمشید دستی کے خلاف سرکار کی جانب سے حصول ریمانڈ کی درخواستوں پر سماعت ہوئی ، دو رکنی بینچ کے مسٹر جسٹس سید شہباز علی رضوی اور مسٹر جسٹس اسجد جاوید گھرال نے درخواستوں پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

جمشید دستی کی جانب سے وکلاء عامر خان بھٹہ، شیخ جمشید حیات اور عامر سلطان گورائیہ و دیگر وکلاء موجود تھے۔ عدالت نے پانی چوری کے مقدمہ 277/17 میں جمشید دستی کا مزید ریمانڈ دینے کی درخواست مسترد کردی ۔ عدالت نے بھتہ خوری کے مقدمہ 71/16 میں سرکار کی جانب سے حصول ریمانڈ پر درخواست بھی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔واضح رہے کہ عدالت میں سرکار کی جانب سے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل کی جانب سے جمشید دستی کے خلاف حصول ریمانڈ کی درخواست دائر کی گئی تھی۔