حالیہ بارشوں کے کپاس کی فصل پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں،ڈاکٹر صغیر احمد

جمعرات 22 جون 2017 19:40

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) ڈائریکٹر کاٹن ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں کے کپاس کی فصل پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیںجبکہ کیڑے مکوڑوں کے حملہ کی شدت میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ لیکن پچھیتی کاشتہ کپاس کی فصل کا اگائو متاثر ہوگا اور نئے پودے بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات نے اگلے چند دنوں میں بھی مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

ان بارشوں کی وجہ سے کپاس کے کھیتوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔ کپاس کے کاشتکاراضافی پانی کی نکاسی کا مناسب بندوبست کریں تاکہ فصل متاثر نہ ہو۔ ان بارشوں کی وجہ سے کپاس کی فصل پر کیڑوں خاص طور پر سبز تیلہ اور سفید مکھی کا حملہ ہو سکتا ہے۔ اس لئے کاشتکار ان کے کنٹرول کے لئے مکمل طور پر تیار رہیں۔

(جاری ہے)

گوڈی یا ٹریکٹر رجرز کے ذریعے کپاس میں موجودجڑی بوٹیوں کی تلفی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھیت میں بارشوں کا پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے زمین میں موجود نائٹروجن نیچے چلی جاتی ہے جس سے پودووں کو مطلوبہ مقدار میں نائٹروجن دستیاب نہیں ہوتی جس سے فصل کی بڑھوتری اور پھل اٹھانے کا عمل متاثر ہوتا ہے لہٰذااس مرحلہ پر کاشتکار آدھی بوری یوریا فی ایکڑ استعمال کریں۔ کپاس کے بہتر پھل کے حصول کیلئے زنک سلفیٹ 33 فیصد 6کلوگرام اور بوریکس 3کلوگرام فی ایکڑ استعمال کریں۔کپاس کی فصل کی ہفتہ میں دو بار پیسٹ سکائوٹنگ کریں اور گلابی سنڈی کے تدارک کیلئے مدھانی نما پھولوں کو فوری طور پرتوڑ کر تلف کردیں۔کاشتکار بھائی کپاس کے کھیت کا معائنہ کرتے ہوئے سورہ واقعہ اور سورہ رحمن کی تلاو ت کریں۔

متعلقہ عنوان :