فیروزپور روڈ کے اطراف میں مستقل و عارضی تجاوزات کو ہٹانے کیلئے ٹاسک فوس آج ہی قائم کی جائے ‘عبدالله خان سنبل

جمعرات 22 جون 2017 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2017ء) فیروزپو ر روڈ قرطبہ چوک تا سوئے آصل پر ٹریفک کی روانی کے قیام اور روڈ کے اطراف میں مستقل و عارضی تجاوزات کو ہٹانے کے لیے ٹاسک فوس آج ہی قائم کی جائے جو ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس، ایل ڈی اے، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر، ٹی ایم او، پی ایچ اے، سی اینڈ ڈبلیو کے افسران پر مشتمل ہو۔ فیروز پور روڈ کے اطراف میں سروس لینز میں پڑے ہوئے تعمیراتی ملبہ کو ہٹانے کا کام شروع کر دیا جائے جبکہ تعمیراتی ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

قرطبہ تا گجومتہ مستقل تجاوزات و دیگر مسائل کے حل کے لیے ایل ڈی اے کی ٹیم کام کرے گی جبکہ عارضی تجاوزات ، اطراف میں موجود ریڑھیوں کی کلیرنس اور اپنی حد سے زیادہ مکان یا ورکشاپ کو سڑک تک پھیلانے والوں کے خلاف دیگر ادارے کام کریں گے۔

(جاری ہے)

کوٹ لکھپت، کاہنہ، قینچی کے اطراف میں کینٹ بورڈ کو بھی شامل کیا جائے گا۔ گجومتہ تا سوئے آصل سی اینڈ ڈبلیو کام کرے گی۔

کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار فیروزپور روڈ پر تجاوزات کے خاتمے و ٹریفک روانی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس، ڈی سی لاہور سمیر احمد سید، ڈی آئی جی ڈاکٹر حیدر اشرف، سی ٹی او لاہور رائے اعجاز، ڈی جی ایل ڈی اے زاہد زمان، ڈی جی پی ایچ اے میاں شکیل احمد، ڈی جی واسا، ایڈیشنل کمشنر عثمان خان خالد و دیگر افسران نے شرکت کی۔