من پسند نتائج کیلئے مردم شماری کے باوجود حکومت نئی حلقہ بندیوں میں تاخیر کر رہی ہے ‘عبدالعلیم خان

نوازشریف اللہ کے گھر سے جھوٹ نہ بولنے کا عہد کرکے آئیں، عوام کے سامنے حقائق مانیں‘ میڈیا سے گفتگو

جمعرات 22 جون 2017 19:10

من پسند نتائج کیلئے مردم شماری کے باوجود حکومت نئی حلقہ بندیوں میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ن لیگ نے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی تیاریاں شروع کردیں،مردم شماری میں غیر ضروری تاخیر کا مقصد آئندہ انتخابات میں مرضی کی حلقہ بندیاں برقرار رکھنا ہے ۔این اے 122 کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پہلے مردم شماری نہیں کروا رہی تھی اور عدالت کے حکم پر بادل ناخواستہ منعقد ہونے والی مردم شماری کو ابھی تک پبلک نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن بھی بولنے پر مجبور ہو گیا ہے ۔

عبدالعلیم خان نے کہاکہ حکومت قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے میگا پروجیکٹس کو لوٹ مار کا ذریعہ بنانے والی ن لیگ کی حکومت نے دانستہ طور پر نئے الیکشن ایکٹ کو نظر انداز کیا،مردم شماری کا عمل بھی ایسے وقت میں شروع کیا گیا کہ آئندہ انتخابات تک حتمی رپورٹ مکمل نہ ہوسکے،پرانے قوانین اور حلقہ بندیاں ن لیگ کو منفی ہتھکنڈے استعمال کرنے میں معاون ثابت ہونگی۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہاکہ حلقہ 122میں ایاز صادق کو جتوانے کیلئے اسی طرح کے حربے اختیار کئے گئے تھے۔میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ حکومت کی تمام تر کوششوں کے باوجود اس حلقہ کے عوام کی محبت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ، میں بھی ماضی کی طرح آئندہ بھی یہاں کی عوام کی بہتری کیلئے ہر خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہوں گا۔ایک سوال کے جواب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ منی ٹریل ثابت کرنے میںناکام ہونے والے نواز خاندان کے اوسان خطا ہوچکے ہیں،احتساب کے کٹہرے میں کھڑے ایک ملزم کیخلاف کارروائی کو جمہوریت کیلئے خطرہ قرار دیا جارہا ہے، انہوں نے کہاکہ چوری یا فراڈ میں ملوث افراد کو سزائیں ہوتی رہتی ہیں، کیا ان فیصلوں سے کبھی سسٹم تباہ ہوا،درباری وزراء کو جمہوریت نہیں، جائیدادیں بچانے کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز شریف اللہ کے گھر میں عہد کرکے آئیں کہ وہ قوم سے سچ بولیں گے اور تلخ حقائق کا سامنا کریں گے، میری دعا ہے کہ اس ملک کا مال کھانے والا کسی پارٹی سے بھی تعلق رکھتا ہواپنے انجام کو پہنچے۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کو دھمکیاں قابل مذمت ہیں،اس کے ارکان کو فوج تحفظ فراہم کرے۔

اس موقع پر عبدالعلیم خان نے ایم پی اے شعیب صدیقی کے ہمراہ یونین کونسل 172 بی بی پاکدامن کے علاقے میں افطار پارٹی میںشرکت کی اور لوگوں سے ملاقاتیں کیں ، علاقے کی عوام نے عبدالعلیم خان کا پرتپاک استقبال کیا ، رضوان یوسف ، ملک جاوید یوسف ، رانا جاوید ،مبین کمبوہ ، ناصر صدیقی، حافظ فہد مغل ، محمد علی اور حافظ عامر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :